اماراتی افسر نے منشیات کا انٹرنیشنل گینگ گرفتار کرادیا
ابوظبی ۔۔۔ متحدہ عرب امارات کے ایک افسر نے سادہ لباس میں منشیات کے انٹرنیشنل گینگ اور اسکے سرغنہ تک رسائی حاصل کی۔ یہ گروہ نشہ آور اشیاءمشرقی ایشیا کے ایک ملک سے متحدہ عرب امارات اسمگل کررہا تھا۔اخبار 24کے مطابق اماراتی وزارت داخلہ نے گروہ کے خلاف سیکیورٹی آپریشن کی کارروائی پر مشتمل وڈیو جاری کردی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اماراتی افسر نے پیشہ ورانہ ہنر استعمال کرکے منشیات کے گینگ کے سرغنہ کا اعتماد حاصل کیا اورگروہ کے افراد کی نشاندہی کی۔ گروہ پاکستان سے واردات کررہا تھا۔تمام مطلوبہ معلومات حاصل ہوجانے پر اماراتی سیکیورٹی اہلکاروں نے گروہ کے اڈوں پر چھاپہ مارا ۔ 10کلو گرام نشہ آور اشیاءاور نقدی برآمد کی۔ پھر اماراتی حکام نے پاکستانی حکام کی مدد سے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔ سرغنہ خطے کا خطرناک ترین مجرم شمار کیا جاتا تھا۔ اسے اپنی گرفتاری کے وقت یقین ہی نہیں آرہا تھا کہ اس کے گینگ کے لوگ پکڑے گئے ہیں۔ وہ یہ اطلاع ملنے پر انتہا درجے طیش میں آگیا تھا اور اس نے اماراتی سیکیورٹی فورس کو وڈیو کلپ بھیج کر انتقام کی دھمکی دی تھی۔ اماراتی ٹیم پاکستان گئی سرغنہ کے ٹھکانے کی ایک بار پھر نشاندہی کی اور پاکستانی حکام کی مدد سے اسے گرفتار کرلیا گیا۔