کراچی...احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں گرفتاراسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 13 دن کی توسیع کردی۔ ہفتہ کو سراج درانی کوسخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت میںپیش کیاگیا۔دوران سماعت نیب کی جانب سے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی،جسے منظور کرتے ہوئے سراج درانی کو 12 اپریل تک نیب کے حوالے کردیا گیا ۔عدالت نے ریمانڈ میں توسیع دیتے ہوئے نیب کے وکیل کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پرآغا سراج درانی کے کیس پر پیش رفت سے آگاہ کیا جائے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہاکہ مجھ سے کسی نئی چیز پر تفتیش نہیں ہورہی۔ نیب حکام تفتیش میں وہی سب پوچھ رہے ہیں جو میں پہلے بتاچکاہوں۔ انہوں نے کہا کہ نیب حکام آتے ہیں اور مجھ سے 10منٹ تفتیش کرکے چلے جاتے ہیں۔