جلد کو 'ہمیشہ ' تر و تازہ رکھنے کے لیے سائنسدانوں کی نئی دریافت
جلد کی تر و تازگی کو دیر پا رکھنے کے لیے سائنسدانوں نے ایک جین دریافت کی ہے جس کی مدد سے بنے والا پروٹین جلد کو ڈھلکنے سے بچاتا ہے۔
ایک نئی تحقیق کے مطابق COL17A1 نام کی جین جلد کے کمزور خلیوں کو ہٹا کر مضبوط خلیوں کی پیداوار میں مدد دیتی ہے۔
جاپان کے ٹوکیو یونیورسٹی کے پروفیسر ایمی نیشیمورا کا کہنا ہے کہ جلد میں روزانہ مضبوط خلیوں کی پیداوار ہوتی ہے جو کمزور خلیوں کی جگہ لیتے ہیں۔
لیکن سورج کی تیز کرنیں، تھکن اور بڑھتی عمر اس عمل کو سست کر دیتی ہیں اور جلد میں موجود جینCOL17A1 کو کم کر دیتی ہیں، جس کی وجہ سے جلد متاثر ہونے لگتی ہے۔
سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق اس جین کا تجربہ چوہے کی دم پر کیا گیا ، کیونکہ اسکی خصوصیات انسانی جلد سے ملتی جلتی ہیں۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ COL17A1 کو جلد میں دوبارہ شامل کر کے اس کی مدد سے نئے خلیوں کی پیداوار کا عمل تیز کیا جا سکتا ہے۔ جس سے جلد کوتروتازہ رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ COL17A1 میں موجود اجزا جلد میں بحالی کا عمل شروع کر تے ہیں۔
پروفیسر نیشیمورا کا کہنا تھا کہ اس تحقیق کے بعد ایسی کریمیں اور ادویات بن سکتی ہیں جو جلد کو صحتیاب کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم ان کیمیائی اجزا کے طبی استعمال کے لیے دواساز یا کاسمیٹک کمپینوں سے تعاون کریں گے۔