Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ نے منی لانڈرنگ کے لبنانی نیٹ ورک پر پابندیاں لگادیں

ریاض ۔۔۔ امریکہ نے ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کی فنڈنگ کے ثبوت ملنے پر منی لانڈرنگ کے لبنانی نیٹ ورک پر پابندیاں لگادیں۔ امریکہ، حزب اللہ کو دہشتگرد قرار دے چکا ہے۔
عاجل اور سبق ویب سائٹ کے مطابق امریکی وزارت خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ لبنانی نیٹ ورک آسٹریلیا، برازیل، کولمبیا، اسپین، امریکہ اور فرانس میں حزب اللہ کے لئے منی لانڈرنگ کررہا ہے۔
امریکی وزارت خزانہ نے یہ فیصلہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے اس بیان کے بعد کیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ”لبنان کو دہشتگردی سے نمٹنے ، حزب اللہ ملیشیا کی مجرمانہ سرگرمیوں و دھمکیوںاور ملک و قوم کے لئے اسکے خطرات روکنے کیلئے جرات کا مظاہرہ کرنا پڑیگا“۔
 امریکی وزارت خزانہ نے بتایا کہ اس نے لبنان کے قاسم شمص کے منی لانڈرنگ تنظیم اور شمص بینکنگ کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔ شمص بینکنگ کمپنی کا ہیڈکوارٹر مشرقی لبنان کے مقام شتورة میں واقع ہے۔
امریکی وزارت خزانہ کا کہناہے کہ یہ نیٹ ورک دنیا بھر میں منشیات سے حاصل ہونے والے کالے دھن کو سفید دھن میں تبدیل کررہا ہے۔ اس کی ماہانہ آمدنی دسیوں ملین ڈالر ہے۔ یہ حزب اللہ کو سرمائے کی منتقلی میں بھی سہولت فراہم کررہا ہے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ لبنانی منی لانڈرنگ نیٹ ورک آسٹریلیا، برازیل، کولمبیا، اسپین، امریکہ ، فرانس ، اٹلی، ہالینڈ اور وینیزویلامیں بھی سرگرم ہے۔
 

شیئر: