نیوزی لینڈ کے خلاف حسن نواز کی شاندار پرفارمنس، ’لڑکے نے تو کمال ہی کر دیا‘
حسن نواز ٹی20 فارمیٹ میں تیز ترین سینچری کرنے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹی20 سیریز کے تیسرے میچ میں حسن نواز کی ریکارڈ ساز سینچری کی بدولت پاکستان نے میزبان ٹیم کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
جمعے کو آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کا 205 رنز کا ہدف پاکستان نے 16 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔
نیوزی لینڈ ٹور میں ڈیبیو کرنے والے پاکستان کے وکٹ کپیر اور اوپنر حسن نواز نے سات چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 105رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی۔
حسن نواز اس کارکردگی کے ساتھ ہی پاکستان کی جانب سے ٹی20 فارمیٹ میں تیز ترین سینچری کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم میچ کی آخری گیند پر 204 رنز بنا کر ڈھیر ہوئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیمپن 94، مائیکل بریس ویل 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین جبکہ شاہین آفریدی، عباس آفریدی، ابرار احمد نے دو، دو اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اس کامیابی پر کرکٹ فینز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دلچسپ تبصروں کا اظہار کر رہے ہیں۔
سوس نامی ایکس صارف نے لکھا ’حسن نواز نے بابر اور محمد رضوان کے کیریئر کو ختم کر دیا ہے۔‘

ماری معروف لکھتی ہیں ’جیت کیا ہوتی ہے بھول ہی گئے تھے لیکن اس لڑکے نے تو کمال ہی کر دیا۔‘

ثمینہ تارڑ نے میم شیئر کرتے ہوئے لکھا ’بابر اعظم اور ان کے دوستوں کی پاکستانی بیٹرز کی پرفارمنس دیکھ کر صورتحال کچھ یوں ہوئی ہے۔‘

حمزہ شیخ نامی صارف نے تنقید کرتے ہوئے محمد رضوان کی فوٹو شیئر کی اور لکھا ’ہم ٹی20 میں محمد رضوان کی ٹُک ٹُک مس کررہے ہیں۔‘

محمد ظہیر نامی صارف نے لکھا ’حسن نواز کی شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر ینگ ٹیلنٹ کو موقع دیا جائے تو وہ پرفارم کرتے ہیں۔‘

