ورلڈ کپ سکواڈ: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم میں سمتھ اور وارنر کی واپسی
آسٹریلیا نے 30 مئی سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔
بال ٹمپرنگ میں ملوث سابق کپتان سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی میگا ایونٹ کے لیے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور پیڑ ہینڈز کومب اچھی فارم کے باوجود ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
سمتھ اور وارنر کی جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاون ٹیسٹ میں بال ٹمپرنگ میں ملوث ہونے پر لگنے والی پابندی کے گزشتہ مہینے ختم ہونے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہیں۔ اگرچہ ان پر لگنے والی پابندی آسٹریلیا کے پاکستان کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز کے آخری دو میچوں سے پہلے ختم ہو گئی تھی تاہم سلیکٹرز نے انہیں متحدہ عرب امارات میں میچز کے لیے منتخب کرنے کے بجائے انڈین پریمئیر لیگ کھیلنے کی اجازت دی۔
دونوںکھلاڑیوں نے ورلڈ کپ سے پہلے اپنی فارم دوبارہ حاصل کرنے کے لیے انڈین پریمئیر لیگ کا پورا فائدہ اٹھایا اور لیگ میں ان کی کارکردگی متاثر کن رہی۔
ورلڈ کپ سے پہلے آسٹریلیا کی ٹیم نے مسلسل 8 ایک روزہ میچ جیت کرمتاثر کن پرفارمنس دکھائی ہے ۔ ٹیم کے ٹاپ آرڈر کی کارکردگی متاثرکن ہے جس کی وجہ سے سلیکٹرز کو میگا ایونٹ کے لیے ٹاپ آرڈر کے انتخاب میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔
پیٹر ہینڈزکومب اس سال اپنے 13 میچوں میں 43 کی اوسط سے رنز بنانے کے باوجود ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔
چیف سلیکٹر ٹریور ہانز کا کہنا ہے کہ ’ہمیں اس بات کی نہایت خوشی ہے کہ ٹیم نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انڈیا اور پاکستان کے خلاف سیریز بھی جیتی۔‘
یورہانز کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ وارنر اور سٹیوسمتھ کی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں واپسی نہایت اطمینان بخش ہے۔ دونوں نے آئی پی ایل سیزن 12 میں اچھی کرکٹ کھیلی۔
آسٹریلیا کی حالیہ بہترین کارکردگی کی بنیاد کپتان ایرون فنچ اور عثمان خواجہ کی اوپننگ شراکت رہی ہے۔ اب یہ ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر پر منحصر ہے کہ وہ اس جوڑی کو ورلڈ کپ میں بھی اسی پوزیشن پر کھلاتے ہیں یا ان میں سے کسی ایک کو مڈل آرڈر پر لے جاتے ہیں۔
ورلڈ کپ کے لیے آسٹریلیا کے سکواڈ کا مڈل آرڈر شان مارش، سٹیو سمتھ، گلین میکسویل اور آل راونڈر مارکوس سٹونس پر مشتمل ہے۔ سلیکٹرز نے ورلڈ کپ کے لیے 2 اسپنر ایڈم زمپا اور نیتھن لایون اور 5 تیز بولرز کا انتخاب کیا ہے۔
آسٹریلوی پیس اٹیک میں پیٹ کمنز اور مچل سٹارک سرفہرست ہیں جبکہ دیگر پیسرز میں جائے رچرڈسن، نیتھن کوٹلر نائل اور جیسن بیرن ڈارف شامل ہیں۔
آسٹریلوی سکواڈ: عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ، شان مارش، گلین میکسویل، مارکوس سٹونس، الیکس گرے، پیٹ کمنز، مچل سٹارک، جائے رچرڈسن، نیتھن کوٹلر نائل، جیسن بیرن ڈارف،نیتھن لائیون اور ایڈم زمپا۔