Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انعامی رقم کا جھانسہ،عرب شہری 2لاکھ ڈالرز سے محروم

 
دبئی میں مقیم ایک افریقی گروہ نے انعامی رقم کا جھانسہ دے کر عرب شہری کو لوٹ لیا۔ الامارات الیوم‘ اخبار کے مطابق دبئی پولیس کو عرب شہری کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت میں کہا گیا ہے کہ دبئی میں مقیم 3 افراد پرمشتمل افریقی گروہ نے 27 ملین ڈالر کی انعامی رقم کا جھانسہ دے کر اس سے 2 لاکھ ڈالر ہتھیا لیے۔’}
 عرب شہری نے بتایا کہ وہ فیس بک پر ایک شخص سے بات چیت  کرنے لگا جس نے اسے بتایا کہ ایک اماراتی بینک کی انعامی سکیم میں اس کا 27 ملین ڈالر کا انعام نکلا ہے۔ مذکورہ شخص نے انعامی رقم حاصل کرنے کے لیے پاسپورٹ کی کاپی بھی بھیجنے کا کہا اور ساتھ ہی 21 ہزار ڈالر ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ انعامی رقم حاصل کرنے کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کی جا سکیں۔ 
کچھ دن بعد اس سے 27ہزار ڈالر ٹرانسفر بھجوانے کا مطالبہ کیا تاکہ بینک کی ادارتی فیسیں ادا کی جاسکیں جس کے بعد  43 ہزار ڈالر اور پھر 50 ہزار ڈالر طلب کیے گئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شہری انعامی رقم کے لالچ میں تمام ادائیگیاں خاموشی سے کرتا رہا۔
یہی نہیں بلکہ افریقی گروہ نے عرب شہری کو ملاقات کے لیے دبئی بلایا جہاں اس سے ایسی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کو کہا گیا جو بینکوں سے بڑی رقومم کی منتقلی کی سروسز دیتی ہے۔ عرب شہری نے مطلوبہ رقم ادا کردی جس کے بعد جعلی ڈالر سے بھرا ہوا بیگ اس کے حوالے کرتے ہوئے رقم بینک میں جمع کرانے کا کہا گیا۔
بیگ میں 100 ڈالر کے حجم کے سیاہ کاغذ تھے جن پر کوئی سیاہ مادہ ڈالا جاتا تو وہ سیاہ کاغذ سو ڈالر کی شکل کا ہوجاتا۔
ایک بار پھر بھاری رقم کا مطالبہ کیاگیا، سادہ لوح شہری نے یہ رقم بھی ادا کر دی۔
جب ایک لاکھ 60 ہزار ڈالرز کا مطالبہ کیا گیا تو اسے شک گزرا کہ اس کے ساتھ دھوکہ ہورہا ہے جس پر اس نے دبئی پولیس کو اطلاع کردی۔

شیئر: