Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان: امارات میں مزدوروں کی ڈیوٹی دن کے بجائے رات میں

دبئی کی تعمیراتی کمپنیوں نے مختلف تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے والے کارکنوں کو دن کے بجائے رات کے اوقات میں ڈیوٹی دینے کا موقع فراہم کر دیا۔ روزہ دار مزدوروں کو دن کی مشقت سے بچانے کے لیے بعض دیگر کمپنیوں نے ڈیوٹی کے اوقات صبح پانچ بجے سے دن کے 11 بجے تک مقرر کردیے ہیں۔
دبئی اور ابوظبی کے علاوہ امارات کے مختلف شہروں میں دن کے وقت شدید گرمی ہوتی ہے جس کے باعث کھلے آسمان تلے محنت مزدوری کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔
ٹھیکیدار کمپنیوں کی جانب سے مزدوروں کو رمضان المبارک کے دوران رعایت دینے کی پیش کش کو وزارت انسانی وسائل نے سراہا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ روزہ دار مزدوروں کو دن کے وقت آرام کرنے کا موقع دینے سے کمپنیوں کی انسانیت نوازی ظاہر ہوتی ہے۔
وزارت  نے سرکاری و نجی شعبوں میں کام کے اوقات آٹھ گھنٹے سے کم کرکے چھ گھنٹے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت انسانی ترقی کے ذرائع  نے کہا ہے کہ تعمیراتی کمپنیوں کی جانب سے رات کے وقت ڈیوٹی کا اعلان اختیاری ہے۔ مزدوراورکھلے آسمان تلے کام کرنے والا عملہ اگر چاہے تو دن کے بجائے رات کے وقت ڈیوٹی دے سکتا ہے۔
دوسری جانب بلدیہ، تعمیرات اور منصوبہ بندی کے محکمے نے تعمیراتی کمپنیوں کو دن کے بجائے رات کے وقت کام کرنے کا اجازت نامہ دینے کے لیے کی شرائط عائد کردی ہیں۔ کمپنیوں کو مزدوروں کی سکیورٹی کے علاوہ روشنی  کا مناسب انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمے نے کمپنیوں کو مزید ہدایت کی ہے کہ مزدوروں کی ڈیوٹی رات بھر نہ رکھی جائے۔

شیئر: