دبئی - - - - - - متحدہ عرب امارات میں موٹاپے سے پریشان شہریوں کے لیے وزن کم کرنے کی انوکھی سرکاری اسکیم کا اعلان کردیا گیا۔مڈل ایسٹ نارتھ افریقہ فنانشنل نیٹ ورک (MENAFN) کی رپورٹ کے مطابق اس اسکیم کا اعلان متحدہ عرب امارات کے محکمہ صحت کے اشتراک سے راس الخیمہ اسپتال نے کیا، جس کے تحت فی کلو وزن کم کروالوں کو انعام دیا جائے گا۔اسکیم کے تحت وزن کم کرنے والے شہریوں کو فی کلو وزن کم کرنے پر 500 درہم یعنی 15 ہزار پاکستانی روپے تک کا انعام دیا جائے گا۔اس اسکیم کا نام ’آر اے کے بگسٹ ویٹ لوزر چیلنج‘ رکھا گیا ہے جس کا آغاز رواں ماہ 17 فروری سے کیا جائے گا جب کہ اسکیم 28 اپریل تک جاری رہے گی۔وزن کم کرنے کی یہ انوکھی اسکیم راس الخیمہ کے تمام شہریوں کیلئے متعارف کی گئی ہے جس میں 18 برس سے زائد عمر کے لوگ حصہ لے سکتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے مقامی میڈیا کے مطابق ملک کے 70 فیصد مرد حضرات جب کہ 67 فیصد خواتین موٹاپے کا شکار ہیں۔