چین کے حکام کے مطابق ان کے شہریوں کی پاکستانی لڑکیوں سے شادیوں کی آڑ میں انسانی سمگلنگ کی شکایات کے بعد پاکستان میں چینی سفارتخانے نے 90 کے قریب نوبیاہتا پاکستانی ’دلہنوں‘ کے ویزے روک لیے ہیں
چین کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان زاو نے اردو نیوز کو ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ اس سال شادی ویزا کی درخواستوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال 142 چینی باشندوں نے اپنی پاکستانی بیویوں کے لیے چینی سفارتخانے سے ویزے لیے تاہم اس سال چند ماہ میں ہی 140 کے قریب درخواستیں موصول ہونے پر چینی سفارتخانہ محتاط ہو گیا اور صرف پچاس پاکستانی دلہنوں کو ویزے جاری کیے گئے اور باقی نوے کے ویزے روک دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ چینی سفارتخانے نے اس کے ساتھ ہی پاکستانی حکام کو بھی الرٹ کر دیا جس کے بعد پاکستانی اداروں نے تحقیقات شروع کر دیں۔
جسم فروشی اور اعضا کی فروخت کا دعوی جھوٹ ہے
تاہم ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال کے تمام کیسز کی تفتیش چینی ادارے کر رہے ہیں اورتحقیقات میں زبردستی جسم فروشی اور اعضا کی فروخت کا کوئی ثبوت نہیں ملا ’انٹرنیٹ اور میڈیا پر اس سلسلے میں جھوٹ بولا جا رہا ہے اگر ایسا نہیں ہے تو آپ مجھے ثبوت دیں۔‘
پچھلے سال کی تمام شادیاں قانونی ہیں
لی جیان زاو نے کہا کہ ایک سو بیالیس کیسز میں سے اکا دکا واقعات میں تشدد یا ہراساں کیے جانے کی شکایات آئی ہیں تاہم گذشتہ سال کی یہ تمام شادیاں قانونی تقاضے پورے کر کے کی گئیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ تمام چینی باشندے پاکستانی سفارتخانے سے ویزے لے کر یہاں آئے، پھر یونین کونسل کی جانب سے نکاح نامے لیے اور پھر رجسٹرار کے دفتر گئے۔ چوتھے مرحلے پر وہ وزارت خارجہ سے تصدیق کے لیے گئے۔ اس کے بعد چین کے سفارتخانے سے اپنے کاغذات کی تصدیق کروائی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چھٹے مرحلے میں انہوں نے اپنی بیویوں کے لیے ویزے اپلائی کیے۔ اس لیے یہ تمام شادیاں قانونی ہیں اور ان کے تحفظ کی ہم کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے دو کیسز کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک پاکستانی عورت کو اس کے شوہر سے مسئلہ ہوا تو اس نے ایک پاکستانی وزیر کو خط لکھا۔ جس کے بعد وزارت خارجہ اور چینی سفارتخانے نے فوری مداخلت کی۔
‘چینی حکومت اور پولیس کی تفتیش سے ثابت ہوا کہ خاتون پر تشدد نہیں ہوا۔ لیکن پھر بھی ان دونوں میں طلاق ہو گئی جس کے بعد چین کی مقامی حکومت نے پاکستانی خاتون کو بلٹ ٹرین اور ہوائی جہاز کا ٹکٹ لے کر دیا۔ وہ خاتون دو مئی کو اسلام آباد آگئی۔‘
پاکستانی اور چینی حکام کی مداخلت پر میاں بیوی میں صلح