Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دل کی بند شریانیں کھولنے کے لیے اماراتی طالبات کا روبوٹ

دل کے اپریشن کے دوران روبوٹ مکمل طور پر خود کارانداز میں کام کرے گا (فوٹو: اے ایف پی))
متحدہ عرب امارات کی جامعہ خلیفہ برائے سائنس و ٹیکنالوجی کی پانچ طالبات نے دل کے آپریشن کو مزید آسان بنانے کےلیے روبوٹ تیار کیا ہے۔
مقامی اخبارامارات ٹوڈے کے مطابق اس روبوٹ کی مدد سے دل کے حساس آپریشن میں غلطی کا امکان ختم ہو جائے گا جس سے آپریشن نہ صرف مزید محفوظ ہوگا بلکہ دورانیہ بھی کم ہوجائے گا۔
پراجیکٹ کی تیاری میں شامل طالبات انوار الکثیری، سارہ آل علی، مریم بن کلیب، علیاءالزحمی اور شذی قرمان نے بتایاکہ وہ اپنی اس کامیابی پر بے انتہاءخوش ہیں۔


ان طالبات کے مطابق روبوٹ کے استعمال سے دل کے آپریشن کے دوران غلطیوں کا امکان کم ہی نہیں بلکہ ختم ہوجائے گا (فوٹو:اے ایف پی)

طالبات کے مطابق ’روبوٹ کا ابتدائی تجربہ کامیاب رہا جو دنیا طب میں دل کے آپریشن کے لیے مزید سہولتیں پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔ یہ ہارٹ سرجری میں جدت کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔‘
طالبات نے امارات ٹوڈے کو بتایا کہ دل کی بند شریانوں میں سٹنٹ ڈالنے کے لیے روبوٹ انتہائی مددگار ثابت ہو گا، یہ خود کار طریقے سے انسانی جسم کی اہم شریانوں میں گزر سکے گا۔ روبوٹ کے استعمال سے غلطیوں کا امکان کم ہی نہیں بلکہ ختم ہو جائے گا جبکہ اس سے سرجری کا دورانیہ بھی مزید کم ہوجائے گا۔
طالبات کا کہنا تھا کہ روایتی طریقے سے انجیو پلاسٹی کے دوران سٹنٹ ڈالنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اور اس عمل میں ٹیوب کو شریان سے گزارتے وقت اس بات کا امکان ہوتا تھا کہ شریان کی دیوار متاثر ہو جائے گی، جبکہ متاثرہ مقام جہاں سٹنٹ ڈالنا ہوتا تھا اس کا تعین بھی کافی مشکل ہوتا تھا۔


 دل کا آپریشن خطرناک تصور کیا جاتا تھا مگرحساس نوعیت کا یہ آپریشن اب معمول کی بات بن گیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)

 روبوٹ جو کہ مکمل طور پر خود کارانداز میں کام کرے گا اس سے شریان کے متاثر ہونے کا امکان ختم ہو جائے گا جبکہ متاثرہ مقام کا تعین بھی روبوٹ خود کار طریقے سے کرے گا۔
دل کے آپریشن کو مزید آسان بنانے والا یہ روبوٹ تھری ڈی ٹیکنالوجی سے مزین ہے۔ اسے آسانی سے آپریٹ کیا جاسکے گا جبکہ اس کی ٹیوب کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ٹیوب انتہائی حساس اور لچکدار ہے جو آسانی سے شریان سے گزر کر دل کے حساس مقامات تک پہنچ سکتی ہے۔

شیئر: