Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دپیکا ’کپل دیو‘کی اہلیہ تو پرینکا کی بالی وڈ میں دوبارہ انٹری ہو گئی

جس طرح کرکٹرز کرکٹ میں رنز اور سنچریوں کے ریکارڈ بنا رہے ہیں بالی وڈ کے ’دبنگ خان‘ یعنی سلمان خان بھی ہر نئی فلم کے ساتھ نئے ریکارڈز بنا رہے ہیں۔
عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ نے پہلے دن سب سے زیادہ بزنس کا ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ فلم نے پہلے ہی دن 42 کروڑ 30 لاکھ روپے کی کمائی کی۔ یہ ان کی اب تک کی تمام فلموں کی سب سے بڑی اوپننگ ہے۔ فلم ’بھارت‘ نے  ’پریم رتن دھن پایو‘ کے پہلے دن 40 کروڑ 35 لاکھ کے بزنس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
یہی نہیں بلکہ اس فلم نے انڈیا میں گذشتہ ایک دہائی میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں ’باہوبلی-2‘ اور عامر خان کی فلم ’دنگل‘ کی پہلے دن کی کمائی کا بھی ریکارڈ توڑا ہے۔ تاہم اب بھی امیتابھ بچن اور عامر خان کی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ (50 کروڑ 25 لاکھ) اور شاہ رخ کی ’ہیپی نیو ایئر‘ (44 کروڑ 97 لاکھ) کے پہلے دن کے بزنس سے پیچھے ہے۔
فلم ناقد ترن آدرش نے عید کے موقع پر سنہ 2010 سے اب تک ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلموں کی پہلے دن کی کمائی کا ریکارڈ  بھی پیش کیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی یہ رواں سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی ہے۔ ایک ہفتے میں اس نے اب تک 160 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے اور 200 کروڑ کا بزنس کرنے والی فلم بننے جا رہی ہے۔ یہ ان کی 14 ویں فلم ہے جس نے 100 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔ ان کی تین فلموں نے 300 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی ہے جبکہ دو فلمیں 200 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کر چکی ہیں۔
ناقدین کا خیال ہے کہ ورلڈ کپ کی وجہ سے اور بطور خاص انڈیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ اور انڈیا بمقابلہ آسٹریلیا میچ کے سبب ان کی کمائی میں کچھ کمی ضرور ہوئی ہے۔
فلم ’بھارت‘ کی کہانی ایک شخص اور ایک ملک کے گرد گھومتی ہے ، سلو بھائی کے مداحوں کا کہنا ہے کہ فلم کی کامیابی کے لیے بس بھائی کا ہونا ہی کافی ہے۔
 

دپیکا پاڈو کون بھی ’83‘ سکواڈ میں شامل
آج کل تو ویسے ہر طرف کرکٹ ورلڈ کپ کی دھوم مچی ہوئی ہے، آپ کو بتائیں کہ کرکٹ پر بننے والی ایک فلم ’83‘ کی شوٹنگ جاری ہے جس میں دپیکا پاڈو کون  اپنے شوہر رنویر سنگھ کے ساتھ نظر آئيں گی جبکہ رنویر کپل دیو کا کردار ادا کریں گے۔
فلم کے ٹائٹل سے ظاہر ہے کہ اس کی کہانی انڈیا کے پہلی بار ورلڈ کپ جیتنے کے سال پر مبنی  ہے۔
اداکارہ دپیکا پاڈو کون انڈیا کے معروف کرکٹر کپل دیو کی اہلیہ کا کردار نبھائیں گی۔اس بات کا اعلان رنویر سنگھ نے انسٹا گرام پر کیا تھا۔
انھوں نے دپیکا پاڈوکون اور کبیر خان ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ’ڈھول پیٹو ڈھول میں خوش ہوں کہ #83 سکواڈ میں آل سٹار دیپکا پاڈوکون شامل ہو گئی ہیں۔‘
ایک دوسری پوسٹ میں انھوں نے ان کے کردار کے بارے میں کہا: ’میری اہلیہ کا کردار نبھانے کے لیے میری اہلیہ سے بہتر کون ہو سکتا ہے؟ دپیکا کپل کی اہلیہ رومی دیو کا کردار نبھا رہی ہیں۔‘
یہ دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کی ایک ساتھ چوتھی فلم ہوگی۔ اس سے قبل وہ فلم ’پدماوت‘، ’رام لیلا‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے اور ان کی جوڑی کو بہت سراہا بھی گیا۔
اس فلم کی ہدایت کبیر خان کر رہے ہیں جبکہ پروڈیوسرز میں ان کے علاوہ ساجد ناڈیاڈ والا اور مدھو منیترا وغیرہ شامل ہیں۔

۔(تصویر: اے ایف پی)فلم ’83‘ میں دیپکا پاڈو کون  اپنے شوہر رنویر سنگھ کے ساتھ نظر آئيں گی
فلم ’83‘ میں دیپکا پاڈو کون اپنے شوہر رنویر سنگھ کے ساتھ نظر آئيں گی۔(تصویر:اے ایف پی)

پرینکا چوپڑا کی دوبارہ بالی وڈ میں انٹری
اداکارہ پرینکا چوپڑہ تو اب بالی ووڈ سے زیادہ ہالی ووڈ کی ہو کررہ گئی ہیں لیکن اب پرینکا کے مداح انہیں ایک بار پھر بالی ووڈ کی سکرین پر دیکھ سکیں گے۔ 
پرینکا چوپڑا اپنی نئی فلم  ’دی سکائی از پنک‘ میں نظر آئیں گی اور اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ ہالی ووڈ کا رخ کرنے کے بعد یہ ان کی پہلی ہندی فلم ہے جس کی وہ پروڈیوسر بھی ہیں۔
پرینکا چوپڑہ نے بدھ کو اس فلم کی ریپ پارٹی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا کہ فلم کی ہدایات شونالی بوس نے دی ہیں۔
پرینکا چوپڑا نے اپنی نئی فلم  ’دی سکائی از پنک‘ کے بارے میں بتایا ہے کہ  یہ سب سے زیادہ چیلنجنگ اور ان کی زندگی کی ’پیاری ترین‘ فلم ہے، یہ فلم کئی لحاظ سے میرے لیے خاص ہے۔

پرینکا چوپڑااپنی نئی فلم  ’دی سکائی از پنک‘ میں نظر آئیں گی۔ (تصویر:اے ایف پی)
پرینکا چوپڑا اپنی نئی فلم  ’دی سکائی از پنک‘ میں نظر آئیں گی۔ (تصویر:اے ایف پی)

پرینکا چوپڑا نے اپنے ساتھی اداکار فرحان اختر، زائرہ وسیم اور روہت سراف کی بھرپور انداز میں تعریف بھی کی۔
انھوں نے لکھا: ’فرحان اختر تم حیرت انگيز کو ایکٹر ہو،زائرہ وسیم اور روہت سراف جن کے ساتھ میں نے زندگی بھر کی دوستی کر لی ہے۔‘
انھوں نے شونالی بوس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا: ’یہ میرا سخت ترین اور حسین ترین تجربہ تھا۔ آپ نے مجھ پر جو بھروسہ جتایا مجھے اس پر فخر ہے اور اپنے تمام کریو ممبرز کا شکریہ جنہوں نے دس مہینوں کی سخت کوششوں کے بعد اس سپیشل فلم کو مکمل کیا‘

شیئر: