Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پہلی مرتبہ ایک لاکھ سے زائد افراد ٹیکس دہندگان میں شامل‘

حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سے 70 ارب روپے ملکی خزانے میں جمع ہوئے۔ تصویر اے ایف پی
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ایمنسٹی سکیم تاریخ کی کامیاب ترین سکیم ثابت ہوئی ہے، اس میں ایک لاکھ سینتیس ہزار افراد نے اپنے اثاثے ظاہر کیے جو تقریباً تین ہزار ارب روپے مالیت کے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس  سکیم کی بدولت قومی خزانے میں ستّر ارب روپے جمع ہوئے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے ریونیوحماد اظہر اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے ہمراہ نیوز کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی سکیم کا مقصد ٹیکس نیٹ کو بڑھانا ہے۔ ’سکیم میں کالا دھن کو سفید کرنے کا موقع بھی دیا گیا اور پہلی مرتبہ ایک لاکھ سے زائد افراد نئے ٹیکس دینے والوں میں شامل ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ  آئی ایم ایف پیکج سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس وقت ملک مشکل حالات کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے چھ ارب ڈالر کے پیکیج کی منظوری دی ہے اور آٹھ جولائی تک آئی ایم کی پہلی قسط کے ایک ارب ڈالر مل جائیں گے جبکہ اس کے بعد ہر سال پاکستان کو دو ارب ڈالر دیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ائی ایم ایف کے پیکچ سے سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھے گا۔ ’آئی ایم ایف کے قرض پر شرح سود تین فیصد ہو گی۔ قرض کی واپسی دس سال تک ہو سکے گی، جبکہ مارک اپ کا فارمولہ تبدیل ہوتا رہے گا۔‘
اس موقع پر وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ ’قانون بغیر کسی امتیاز کے سب کے خلاف حرکت میں آئے گا چاہے کسی کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو۔‘
ایف بی آر کے چئیرمیں شبر زیدی نے کہا کہ ہمارے پاس پورے پنجاب اور سندھ کی تمام پراپرٹیز کا ڈیٹا آ گیا ہے۔ ’صنعت کاروں کو ہراساں کرنا نہیں چاہتے، ان کو بڑے مہذب انداز میں کہہ رہے ہیں کہ اپنے ٹیکس ریٹرنز جمع کرائیں۔‘

شیئر: