صحافی سے لڑائی، ’بے باک کنگنا رناوت ججمینٹل ہیں یا مینٹل؟‘
صحافی سے لڑائی، ’بے باک کنگنا رناوت ججمینٹل ہیں یا مینٹل؟‘
منگل 9 جولائی 2019 3:00
کنگنا نے صحافی سے کہا کہ تم گندہ لکھنے کے لیے اتنا سوچتے کیسے ہو؟ فائل فوٹو اے ایف پی
کہتے ہیں کہ کھل کر دل کی بات کہنے والوں کے لیے تنازعات کی کمی نہیں ہوتی۔بالی وڈ 'کوئین' کہلانے والی اداکارہ کنگنا رناوت ایک بار پھر تنازعات کی زد میں ہیں۔
انڈیا کی فلمی دنیا میں اپنی بے باکی کے لیے مشہور کنگنا اپنی نئی فلم 'ججمینٹل ہے کیا' کے ایک گیت کی پروموشن کے سلسلے میں جب صحافیوں کے سوالوں کے جواب دے رہی تھیں تو وہ ایک صحافی پر غصہ ہوگئیں جس کے جواب میں صحافی نے بھی کوئی کسر نہ چھوڑی۔
اس موقعے پر کنگنا کے علاوہ اداکار راج کمار راؤ اور فلم ساز ایکتا کپور بھی موجود تھیں۔
صحافی نے اپنا تعارف کرایا ہی تھا کہ کنگنا نے ان کا نام لے کر کہا کہ 'تم تو میرے دشمن بن گئے ہو، بڑی گھٹیا باتیں لکھ رہے ہو۔ کتنی زیادہ گندی باتیں لکھتے ہو، اتنا گندہ سوچتے کیسے ہو؟'
جس کے جواب میں کنگنا نے فوراً کہا کہ 'اور ایسا لکھنا کیا مناسب ہے؟'
صحافی نے پھر کہا کہ 'مثلاً کس طرح کی باتیں؟ یہ مناسب نہیں کہ آپ اس طرح کے الزامات لگائیں'
کنگنا نے کہا کہ 'آپ نے میری فلم 'منی کرنیکا' کی بہت برائی کی ہے۔ کیا میں نے فلم بنا کر کوئی غلطی کی ہے کہ آپ لکھ رہے ہو کہ ایک جنگی جنون والی خاتون نے وطن پرستی پر فلم بنائی ہے۔'
یاد رہے کہ ’منی کرنیکا‘ فلم جھانسی کی رانی لکشمی بائی کے کردار پر مبنی ہے جو کہ انگریزوں کے خلاف بہادری سے لڑنے کے لیے مشہور ہے۔
بہر حال صحافی نے کہا کہ انھوں نے اس قسم کی کوئی بات ٹویٹ نہیں کی لیکن کنگنا اپنی بات پر بضد رہیں اور انھوں نے کہا کہ انھوں نے تین گھنٹے تک ان کا انٹرویو کیا تھا، دونوں نے ایک ساتھ لنچ کیا اور صحافی نے انھیں میسیج بھی کیا تھا۔
اس کے جواب میں صحافی نے کہا کہ انھوں نے صرف آدھے گھنٹے کا انٹرویو کیا تھا اور انھوں نے نہ کبھی ان کے ساتھ لنچ کیا ہے اور نہ ہی انھیں کوئی میسج کیا۔
منتظمین نے بات کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن صحافی وہاں سے غصے میں نکل گئے۔
جب دوبارہ سوال جواب کا دور شروع ہوا تو ایک صحافی نے ایکتا کپور سے پوچھا کہ آپ کنگنا کو 'ججمینٹل' سمجھتی ہیں یا 'مینٹل'؟
اس کے جواب میں کنگنا نے کہا کہ وہ اس کا برا نہیں مانتیں لیکن ایکتا کپور نے کہا: 'میں کنگنا کو یقینا مینٹل مانتی ہوں کیونکہ وہ اگر مینٹل نہیں ہوتیں تو میں ان کے ساتھ اتنا کام نہیں کر سکتی۔ آپ کو اس کے لیے پاگل، جذباتی اور ایک ایسی خاتون ہونا ہوگا جسے اپنے آپ پر بھروسہ ہو اور جو اپنی زندگی اپنی شرطوں پر جیے جیسا کہ کنگنا کرتی ہیں۔‘
'یہ کنگنا کے ساتھ میری تیسری فلم ہے۔ اگر میرا بس چلا تو میں ہر سال اس کے ساتھ ایک فلم بنانا چاہوں گی۔ وہ شاندار ہیں اور ایک ایسی قوت ہیں جس کا شمار ہوتا ہے۔‘