برطانوی پارلیمنٹ کے 160 برس مکمل مگر ’بگ بین‘ خاموش کیوں ہے؟
برطانوی پارلیمنٹ کے 160 برس مکمل مگر ’بگ بین‘ خاموش کیوں ہے؟
جمعرات 11 جولائی 2019 3:00
بگ بین کا وزن 13.7 ٹن اور یہ 96 میٹر اونچے ٹاور میں نصب ہے۔ فوٹو اے ایف پی
برطانوی پارلیمنٹ میں 160 برس قبل پہلی بار اس کا ایک مخصوص گھنٹہ ’بگ بین‘ بجایا گیا تھا۔ تاہم اس بار جمعرات کو پارلیمنٹ کے اس تاریخی موقعے کو بڑے گھنٹے کی آواز سے نہیں منایا جا سکا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تاریخی گھنٹے والے ’کلاک ٹاور‘ میں بڑے پیمانے پر مرمت کا کام جاری ہے۔
کلاک ٹاور اور بگ بین کی اہمیت
بگ بین کا وزن 13.7 ٹن ہے اور 2017 میں شروع کیے جانے والے مرمتی کام کے دوران یہ اپنی جگہ پر ہی رہے گا۔ مرمت کا یہ انتہائی غیر معمولی منصوبہ 2021 میں مکمل ہوگا۔
دریائے ٹیمز کے کنارے ویسٹ منسٹر پیلس، پارلیمان کی عمارت اور بگ بین کو عالمی ورثہ قرار دیا جا چکا ہے اور یہ دنیا بھر کے سیاحوں کو ہر سال اپنی طرف کھینچتا ہے۔
96 میٹر اونچا ایلزبتھ کلاک ٹاور، ان برطانوی عمارتوں میں سے ایک ہے جس کی سب سے زیادہ تصاویر بنائی جاتی ہیں۔
مرمتی کام کے دوران کلاک ٹاور کی لوہے کی چھت کو مکمل طور پر ہٹا کر مرمت کیا جائے گا۔ لوہے کی اس چھت کے 34 سو ٹکڑے جوڑے گئے تھے جن کو الگ کر کے دوبارہ جوڑا جائے گا۔
کلاک ٹاور کے اس مرمتی منصوبے میں لوہے کے کام کے ساتھ پتھروں کی شکل تبدیلی، صفائی اور ان کو دوبارہ پینٹ کرنا بھی شامل ہے۔
مرمتی کام کے دوران تاریخی گھنٹہ زیادہ تر خاموش ہی رہتا ہے تاہم نئے سال کے آغاز جیسے اہم موقعوں پر اس کو بجایا جاتا ہے۔
روئٹرز کے مطابق وکٹورین کلاک کی مشین کو مرمتی کام کے دوران ہٹایا گیا ہے تاکہ گرد اور گند سے خراب نہ ہو۔
مرمتی کام کرنے والی کمپنی کے سینیئر پراجیکٹ لیڈر شارلٹ کلاگٹون نے روئٹرز کو بتایا کہ ’یہ بہت پیچیدہ مرمتی کام ہے جس میں ملک بھر سے سینکڑوں ماہرین منصوبے کے مختلف عناصر پر کام کر رہے ہیں۔‘
پراجیکٹ لیڈر کے مطابق وہ مرمتی کام کے دوران اس مرحلے پر ہیں جہاں کئی اجزا کو ازسر نو بحال کر دیا گیا ہے اور یہ عنقریب آپریشنل حالت میں ہوں گے۔
کلاک ٹاور کے اس مرمتی کام کے دوران گھنٹے کے ڈائل فریم میں شیشے کے 324 ٹکڑے جوڑے گئے ہیں۔
مرمتی کام اور ٹائم کیپسول کی برآمدگی
پارلیمنٹ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ کلاک ٹاور کی چھت میں سے ’ٹائم کیپسول‘ ملا ہے جو 1950 میں بم سے متاثر ہونے کے بعد مرمتی کام کرنے والے ٹیم نے وہاں رکھا تھا۔
روئٹرز کے مطابق ’ٹائم کیپسول‘ میں مرمتی کام کرنے والے تمام کارکنوں کے نام، ایک پرانا سکہ، ایک اخبار اور ایک خط تھا جس میں 1920 کے مرمتی کام کا حوالہ تھا۔
مرمتی کام کے پرنسپل آرکیٹیکٹ ایڈم واٹروبسکی نے روئٹرز کو بتایا کہ ’ٹائم کیپسول‘ کا ملنا ایک زبردست لمحہ تھا۔ ’اس کی وجہ سے ہمیں تاریخ سے رابطہ اور اس خوبصورت امتیازی عمارت اور اس کو محفوظ رکھنے والوں سے آگاہی ملی۔‘
اگلے سال پارلیمان کی پوری عمارت کے مرمتی کام کا آغاز ہوگا جس پر پانچ ارب ڈالر کے اخراجات ہوں گے۔ اس دوران قانون سازوں کو قریبی عمارت میں عارضی طور پر منتقل کیا جائے گا۔
پارلیمنٹ کی عمارت کے مرمتی کام میں چھت کی لیکج، سیلنگ کے گرنے اور پتھروں کی شکل تبدیل کرنے سمیت دیگر کئی خرابیوں کو درست کیا جائے گا۔