Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برازیل: ڈاکو دن دیہاڑے ایئر پورٹ سے اربوں روپے کا سونا لُوٹ کر فرار

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ات ایف پی کے مطابق یہ سونا نیویارک اور زیورخ پہنچایا جانا تھا۔
برازیل میں ساؤ پالو ایئر پورٹ کے کارگو ٹرمینل سے مسلح افراد دن دیہاڑے 6 ارب 45 کروڑ روپے ( 40 ملین ڈالرز) کا سونا اور دیگر قیمتی دھاتیں لوٹ کرفرار ہو گئے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ساؤ پالو پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد جاتے وقت دو افراد کو بھی یرغمال بنا کر ساتھ لے گئے۔
ایئر پورٹ سے موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق جمعرات کو دن ڈھائی بجے کے قریب ڈاکو سیاہ رنگ کی پک اپ میں ساؤ پالو کے ایئر پورٹ پہنچے۔ ڈاکوؤں نے فیڈرل پولیس کی وردیوں سے ملتی جلتی وردیاں پہن رکھی تھیں۔ 
روئٹرز کا کہنا ہے کہ پک اپ میں کل آٹھ افراد موجود تھے جبکہ چار افراد اپنا چہرہ ڈھانپے گاڑی سے باہر نکلے جن میں سے ایک کے پاس رائفل بھی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے ایئر پورٹ کے ورکرز سے اسلحہ کے زور پر 750 کلو گرام سونا اور دیگر قیمتی دھاتیں چھینیں اور انہیں لے کر فرار ہو گئے۔

آٹھ مسلح افراد نے پولیس کی وردیاں پہن کر جمعرات کو دن ڈھائی بجے واردات کی، فائل تصویر: اے ایف پی

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ات ایف پی کے مطابق یہ سونا نیویارک اور زیورخ پہنچایا جانا تھا۔
ساؤ پالو ایئر پورٹ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی اس واردات میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تاہم انہوں نے یرغمال بنائے گئے دو افراد کے بارے میں کوئی تفصیل بتانے سے معذرت کر لی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ برازیل کے ساؤ پالو ایئر پورٹ کا شمار جنوبی امریکہ کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس مارچ میں بھی ساؤ پالو کے ہی ایک ایئر پورٹ سے مسلح افراد زیورخ کے لیے روانہ ہونے والے جرمن ایئر لائن لفتھانزا کے جہاز سے 50 لاکھ ڈالرز لے کر غائب ہو گئے تھے۔

شیئر: