Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نعمت اتنی زحمت کے ساتھ کہ بندہ کدھر جائے‘

سندھ کے ساحلی شہر کراچی کے باسی سالہا سال بارش کی آس لگائے بیٹھے رہتے ہیں اورباران رحمت کے روٹھے رہنے کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں۔ لیکن اس بار قدرت کراچی والوں پر بھی مہربان ہوگئی اور مون سون بارشوں نے روشنیوں کے شہر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مون سون کی پہلی بارش سے اہلِ کراچی کے جو چہرے خوشی سے کھِل اٹھے تھے،سڑکوں پر نکاسی آب کی ناقص صورتحال کی وجہ سے  مرجھا گئے۔
پیر کی صبح سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جو وقتاً فوقتاً تیز ہوجاتا ہے، جس سے صورتحال مزید بگڑنے کا اندیشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں پیر اور منگل کو گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

شہر میں سڑکوں پہ پانی  کھڑا ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔(فوٹو: اے ایف پی)

نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں سڑکوں پہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کو آمد و رفت میں دقت کا سامنا ہے۔ سڑکوں پہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں اور ٹریفک جام دیکھنے میں آرہا ہے۔ بارش ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہو گئی۔
اس صورتحال نے کراچی والوں کو عجیب مخمصے میں ڈال رکھا ہے، کچھ کے لیے یہ بارش نعمت تو کچھ کے لیے زحمت بنی ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی صارفین مزاحیہ میمز شیئر کرکے اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔

ٹوئٹر ہینڈل ’فے الف‘ نے لکھا کہ صبح سے بجلی نہیں ہیں سڑکوں پر پانی کھڑا ہے اس صورت حال میں میں یہ سوچنا بھی نہیں چاہتی کہ جھونپڑیوں میں رہنے والے اس موسم کا کیسے مقابلہ کر رہے ہوں گے۔ نعمت بھی اتنی زحمت کے ساتھ، بندہ کدھر جائے ابھی تو تیز بارش کی شروعات کا پہلا دن ہے۔

صارفین اپنے علاقے میں سڑکوں پر کھڑے پانی کی تصاویر بھی شئیر کررہے ہیں،زلفی جاوید نامی صارف نے لکھا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کریم بوٹ سروس کی اشد ضرورت ہے۔

ایک اور صارف صوفیہ سرفراز سوشل میڈیا پر کراچی کی بارش سے متعلق پوسٹوں سے نالاں نظر آئیں۔ انہوں نے لکھا کہ’اب کراچی والوں کے تمام سوشل اکاؤنٹس بارش سے متعلق سٹیٹس سے بھر جائیں گے،اس بارش سے منہ تو گیلا ہوتا نہیں اور سوشل اکاؤنٹس کی ٹائم لائن پہلے بھر دیتے ہوں۔‘

پچھلے 5 گھنٹے سے کراچی میں مسلسل بارش کے حوالے سے سید حمزہ نامی ایک صارف نے میم شئیر کی  کہ ’یہ کیسے ہو گیا کراچی میں‘؟

جہاں کراچی کے شہریوں نے بارش سے ہونے والی مشکلات کا ذکر کیا وہیں کچھ لوگوں نے اس خراب موسم  کے دوران  ڈیوٹی دینے والے ٹریفک پولیس اہکلاروں کی خدمات کو بھی سراہا۔
ٹوئٹر صارف نواز ملک نے ٹریفک پولیس اہلکار کی ایک تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ شدید تیز بارش کے باوجود بھی یہ ٹریفک وارڈن اپنے فرائض بخوبی نبھا رہا ہے تا کہ ٹریفک معمول کے مطابق چل سکے۔

سوشل  میڈیا صارفین نے مختلف انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا وہیں بھیگے موسم نے پاکستانی اداکارہ وینا ملک کا مزاج بھی شاعرانہ کردیا۔ انہوں نے اپنے جذبات کے اظہار کے لیے شاعری کا سہارا لیا۔

ٹوئٹر ہینڈل ’باب گورنمنٹ‘ نے ایک ویڈیو شئیر کی جس میں کراچی کے ایک شہری خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ دل گارڈن گارڈن ہو رہا ہے ۔ لب شیریں سا لگ رہا ہے۔

شیئر: