سعودی عرب : حج پر یادگاری ٹکٹ جاری
ڈاک ٹکٹ پر مملکت کا سلوگن ” حاجی کی خدمت ہمارے لئے باعث اعزاز “تحریر ہے۔
سعودی محکمہ ڈاک نے 2019ءکے حج موسم پر یادگاری ٹکٹ جاری کر دیا۔اسلام کے پانچویں عظیم رکن کو یادگار بنانے اور حج پر آنیوالوں کی خدمت کے ا عزاز کے اظہار کےلئے ڈاک ٹکٹ جاری کیا گیا ۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاک ٹکٹ پر مملکت کا سلوگن ” حاجی کی خدمت ہمارے لئے باعث اعزاز “تحریر ہے۔سعودی عرب اپنی تمام خدمات کا محوراسی کوبنائے ہوئے ہے ۔سعودی عرب کو اس بات پر ناز ہے کہ اسے حج ، عمرے اور زیارت پر آنیوالوں کی خدمت کا اعزاز ملا ہوا ہے ۔
ڈاک ٹکٹ 3اور5ریال والے ہیں۔یہ لفافے پر چسپاں شکل میں بھی مہیا ہیں اور الگ سے بھی دستیاب ہیں۔حاجی حضرات کو یہ سہولت حاصل ہے کہ وہ یہ ٹکٹ اپنے اعزہ اور احباب کے نام خطوط پرچسپاں کر دیں۔انہیں لفافے میں رکھ کر بھیج دیں یا یہ ٹکٹ یادگار کے طور پر اپنے پاس محفوظ کر لیں ۔
ڈاک ٹکٹ پر خانہ کعبہ کی تصویر بنی ہوئی ہے ۔حاجی حضرات طواف کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ درمیان میں قرآن کریم کی ایک آیت کا حصہ تحریر ہے جس کے معنی ہیں ” اور تم لوگوں میں حج کا اعلان کردو“
ٹکٹ پر حرم شریف میں امن کی علامت کبوتر کواڑتا ہوا بھی دکھایا گیا ہے ۔سعودی عرب ہمیشہ امن کا پرچم بلند کئے رہتا ہے ۔اس سے مسجد الحرام میں امن و امان اور سکون و اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
ٹکٹ پر سعودی عرب کا سلوگن ”دو تلوار اور کھجور “بھی نقش ہے ۔ ڈاک ٹکٹ کے اجراءکی تاریخ 1440ءاور 2019ءبھی تحریر ہے ۔
واضح رہے کہ سعودی عرب ہر سال حج پر یادگاری ٹکٹ جاری کرتا ہے۔اس کا مقصد مذہبی اجتماع کی اہمیت اور اسکے لئے مملک کی مساعی کو اجاگر کرنا ہے۔