صدر میکرون نے اپنی اہلیہ کا دفاع کرتے ہوئے برازیل کے صدر کو جھڑکا۔ فوٹو اے ایف پی
فرانس کے صدر ایمنوئل میکرون کی بیوی کا مذاق اڑانے پر ان کی برازیل کے صدر کے ساتھ الفاظ کی جنگ چھڑ گئی۔
برازیل کے صدر جیئر بولسونارو کے فیس بک اکاؤنٹ پر ان کے ہامی نے دو تصاویر شیئر کیں جن میں برازیل اور فرانس کے صدر اپنی اپنی بیویوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تصویر پر برازیلی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے ان کے ہامی نے کہا کہ ’اب آپ کو سمجھ آئی کہ میکرون کیوں آپ کے پیچھے پڑے رہتے ہیں۔‘
برازیلی ہامی دراصل دونوں صدور کی بیویوں کی طرف اشارہ کر رہا تھا جو اپنے شوہروں سے عمر میں بہت فرق رکھتی ہیں۔
برازیل کے صدر جیئر بولسونارو کی بیوی ان سے کم از کم ستائیس سالہ چھوٹی ہیں جبکہ فرانسیسی صدر اپنی بیوی سے کم از کم پچیس سال چھوٹے ہیں۔
برازیلی صدر کا ہامی اپنے کمینٹ میں ساتھ ہی اس تنقید کا غائبانہ حوالہ دے رہا تھا جس کا گذشتہ چند دنوں سے برازیل کے صدر شکار ہیں۔
گزشتہ ہفتے برازیل کے ایموزون جنگلات میں آگ لگنے کے بعد سے ایمنوئل میکرون برازیلی صدر کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
صدر جیئر بولسونارو کے ہامی نے جب میکرون اور ان کی بیوی کے عمر میں فرق کا سوشل میڈیا پر مذاق اڑایا تو جیئر بولسونارو پیچھے نہ رہے، اور ہنستے ہوئے کہا کہ میکرون کو شرمندہ نہ کرو۔
جیئر بولسونارو اور ان کے ہامی کے درمیان یہ تبصرہ میکرون کی نظروں سے گزرا تو انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے موقع اٹھاتے ہوئے اپنے منصب کو جھڑکا۔
میکرون نے کہا کہ برازیلی صدر نے ان کی بیوی کے بارے میں انتہائی گستاخانہ تبصرے کیے ہیں۔
’میں کیا کہہ سکتا ہوں؟ ان (برازیلی صدر) کے اپنے لیے افسوس کی بات ہے، اور برازیلیوں کے لیے بھی۔۔۔ میرے خیال میں برازیلی خواتین کو اپنے صدر کے ایسے تبصرے پڑھ کر شرمندگی ہو گی۔‘
میکرون نے مزید کہا کہ وہ برازیل کے لوگوں کی عزت کرتے ہیں اور ان کے لیے دوستی کے جذبات رکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ برازیل کے لوگوں کو جلد ایسا صدر ملے جس کا رویہ مناسب ہو۔