کنگنا ایسے جاندار کردار ادا کرنا چاہتی ہیں جو ان کی اپنی پہچان بنیں۔ فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ کوئین کنگنا رناوت اکثر اپنے تندو تیز بیانات کی وجہ سے تنازعات کی زد میں رہتی ہیں۔ تین نیشنل ایوارڈز جیتنے والی کنگنا کا کہنا ہے کہ ان کی ہمیشہ یہ خواہش تھی کہ وہ انڈسٹری میں کچھ بن کے دکھائیں ناکہ کسی ہیرو کی اسسٹنٹ بنیں۔
کنگنا رناوت نے 2006 میں مہیش بھٹ کی فلم ’گینگسٹر‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھا اور اپنے کیریئر کے 13 برسوں میں انڈسٹری کو ‘کوئین‘، ’تینو ویڈز مینو‘ اور ’منی کارنیکا‘ جیسی کامیاب فلمیں دیں۔
انڈو ایشیئن نیوز سروس (آئی اے این ایس) کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کنگنا کا کہنا تھا کہ فلم میں صرف رول ادا کرنا ان کی مجبوری نہیں بلکہ وہ ایسے جاندار کردار ادا کرنا چاہتی ہیں جو ان کی اپنی پہچان بنیں۔
ایک سوال کے جواب میں کنگا کا کہنا تھا کہ گانے اور ڈانس کرنے میں کوئی برائی نہیں لیکن اگر کوئی دوسرا شخص آپ کی تضحیک کرے یا آپ کو کمتر سمجھے تو پھر اس میں مسئلہ ہے۔ کنگنا رناوت جلد ہی خواتین کے حوالے سے بننے والی فلم ’دھاکڑ‘ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
32 سالہ فلم سٹار سمجھتی ہیں کہ انڈسٹری میں گانے اور ڈانس میں بھی ہیرو اور ہیروئین کے ساتھ برابری کا سلوک نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے میوزیکل فلم کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں اور میں نے ایسی ہی ایک فلم ’رنگون‘ کی بھی ہے جس میں ڈانس اور گانوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ گانوں میں صرف اس لیے نہیں تھیں کہ وہ کسی کو اپنی فراک یا اڑتے بالوں کی وجہ سے اچھی نظر آئیں، میں اس قسم کی عسم مساوات کو پسند نہیں کرتی۔
کنگنا کی آخری ریلیز ہونے والی فلم ’ ججمینٹل ہے کیا‘ تھی جس میں انہوں نے ’بابی گریوال‘ نامی جنونی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔
اس فلم میں اپنے رول سے متعلق کنگنا نے خود کو ’جنونی‘ کہا۔
انہوں ںے کہا کہ وہ کسی آئیڈیا سے جنونی ہو جاتی ہیں اور وہ بہت جنونی انسان ہیں۔