Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دیپکا، کرینہ، کترینہ کیف، انوشکا شرما سٹار ہیں اداکارہ نہیں‘

جن کو کنگنا اداکار ماننے سے انکاری ہے وہ بالی وڈ کی سب سے زیادہ اجرت لینے والی اداکارائیں ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
بالی وڈ 'کوئن' کنگنا رناوت کو اب بعض حلقے 'کنٹروورسی کوئن' کہہ رہے ہیں۔ گذشتہ کئی ہفتو ں سے کوئی ایسا دن نہیں گزرتا جب وہ کوئی نیا تنازع نہ کھڑا کر دیں۔
اب دیکھیے ناں انھوں نے اپنی ہم عصر بالی وڈ کی بڑی اداکاراؤں دیپکا پاڈوکون، کرینہ کپور،کترینہ کیف اور انوشکا شرما کو اداکار ماننے سے ہی انکار کر دیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران جب مذکورہ تمام اداکاراؤں کے نام لے کران سے یہ سوال پوچھا گیا کہ ان کے خیال میں ان اداکاراؤں میں کون بہترین اداکارہ ہیں تو انھوں نے کہا کہ جن کا ذکر آپ نے کیا ہے وہ سب سٹارز ہیں اداکار نہیں۔
انھوں نے کہا کہ جب کبھی ان میں سے کسی میں بھی اداکاری کی کوئی جھلک نظر آ جاتی ہے تو ان کے پرستار دیوانے ہو جاتے ہیں۔

کنگنا کا کہنا ہے کہ ان کی تمام ہم عصر اداکارائیں یا تو سپر ماڈل ہیں یا اس طرح کی کوئی چيز۔ فاٹو اے ایف پی

انھوں نے کہا 'میرے خیال میں میری تمام ہم عصر یا تو سپر ماڈل ہیں یا اس طرح کی کوئی چيز۔ میرے خیال سے ان کی یو ایس پی (یعنی خصوصیت) اداکاری نہیں ہے اور اس میں کوئی برائی بھی نہیں ہے۔ ’میرا یہ کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اداکار بھی ہیں اور سٹارز بھی ہیں۔ بہت سے ایسے اداکار ہیں جو ممکنہ طور پر سٹار نہیں ہیں۔ اور آپ نے جن کا ذکر کیا ہے میرے خیال سے وہ سٹار کی صف میں آتے ہیں، وہ اداکار نہیں ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا 'اگر وہ ذرا سا اداکاری بھی کرتی ہیں تو پھر ہر کوئی یہ کہتا پھرتا ہے کہ دیکھو یہ اداکاری ہے۔'
بھلے ہی کنگنا نے ایک ہی جھٹکے میں اپنی تمام ہم عصر اداکاراؤں کو اداکاری کے میدان میں زیر کرنے کی کوشش کی ہو لیکن فلم انڈسٹری میں ان اداکاراؤں کا طوطی بولتا ہے اور یہ تمام  انڈسٹری میں سب سے زیادہ اجرت لینے والی اداکارائیں ہیں۔
ابھی کترینہ، کرینہ، دیپکا اور انوشکا کی جانب سے کوئی بیان تو نہیں آیا ہے لیکن جب ان سے اس حوالے سے سوال کیا جائے گا تو کنگنا کے لیے مقابلہ اور مشکل ہو جائے گا۔
کنگنا ایک عرصے سے فلم انڈسٹری میں اقربا پروری پر سوال اٹھا رہی ہیں۔ حال ہی میں ایک فلم ساز وویک رنجن اگنی ہوتری نے کنگنا کی حمایت کرتے ہوئے سوال کیا: ’بالی وڈ کے تمام بڑے مبصر انگریزی بولنے والے، امیر اور بہتر طور پر لوگوں سے رابطے والے کیوں ہیں؟ کوئی دیسی، چھوٹے شہر کے مبصر ان سٹارز کے ساتھ ڈائننگ کرتے کیوں نظر نہیں آتے ہیں؟

اوسط درجے کے فلمی ناقد اتنے امیر کیسے بن جاتے ہیں؟

بے شک آپ کنگنا سے مشکل سوالات پوچھیں لیکن پہلے ان سوالات کے جواب دیں۔
حال ہی میں میڈیا کے ایک گروپ نے کنگنا کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ اس پر لوگ سوالات اٹھا رہے ہیں کہ جب سلمان میڈیا والو ں کو دھکا دیتے ہیں تو ان کا بائیکاٹ نہیں ہوتا اور کنگنا صرف تلخ بات پوچھ لے تو میڈیا والوں کو برا لگ جاتا ہے۔

شیئر: