Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کو شکست، الیکشن کا عندیہ

وزیراعظم بورس جانسن ہر صورت یورپی یونین سے 31اکتوبر کو نکلنے کا اعلان کر چکے ہیں۔
 برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو پارلیمنٹ میں پہلی رائے شماری میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حکمراں کنزرویٹوکے باغی ارکان اور اپوزیشن برطانیہ کی 31 اکتوبر کو بغیر کسی معاہدے کے یورپی یونین سے علیحدگی روکنے کے لیے ایک بِل منظور کروانا چاہتے ہیں۔
پہلی رائے شماری میںحکومت کی شکست کے بعد ہاﺅس آف کامنز کو بریگزٹ ڈیل پر فیصلے کا حق مل گیا۔
 تحریک  کے حق میں 328 اور مخالفت میں301ووٹ پڑے ۔حکمراں کنزرویٹو پارٹی کے21 ارکان جس میں 8سابق کابینی وزراء ہیں،باغیوں میں شامل ہیں۔
نو ڈیل بریگزٹ بل پر آج رائے شماری متوقع ہے۔ اپوزیشن پارلیمنٹ سے بل کی منظور ی میں کامیاب ہوگئی تو وزیراعظم کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ بریگزٹ پر مذاکرات میں جنوری کے آخر تک توسیع کی درخواست کریں۔ 
برطانوی وزیر اعظم نے رائے شماری میں پہلی شکست پر قبل از وقت عام انتخابات کے لیے تحریک پیش کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ کسی معاہدے کے بغیر بھی برطانیہ 31 اکتوبر کو یورپی یونین سے الگ ہو جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو وزیراعظم بورس جانسن نے بریگزٹ پر پارلیمان میں ووٹنگ سے قبل اپنے باغی ارکان کی وجہ سے اکثریت کھوئی۔
بورسن جانسن نے ارکان پارلیمان کے اس منصوبے کی مذمت کی جو ان کی بریگزٹ کے لیے کوشش میں رکاوٹ بن رہے ہیں اور کہا کہ یہ ’سرنڈر‘ ہے جو ان کے یورپی یونین سے نکلنے کے لیے بات چیت کے ارادے کے خلاف ہے۔
واضح رہے کہ حکمران جماعت کنزرویٹیو کے کچھ باغی ارکان اور لیبر پارٹی برطانیہ کی 31 اکتوبر کو بغیر کسی معاہدے کے یورپی یونین سے علیحدگی کو روکنے کے لیے ایک بِل منظور کروانا چاہتے ہیں۔

بورس جانسن ہر صورت یورپی یونین کو چھوڑنے کے حامی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

پارلیمان کے ایوان زیریں میں ووٹنگ سے قبل وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ ’ایسے حالات نہیں ہیں کہ جن میں اس طرح کی کوئی چیز میں کبھی قبول کروں گا۔‘
وزیراعظم کے حامیوں نے خبردار کیا ہے کہ بریگزٹ ووٹنگ پر شکست کی صورت میں بورس جانسن عام انتخابات کا اعلان کر دیں گے جو یورپی یونین کے اکتوبر میں ہونے والے اجلاس سے بمشکل دو ہفتے قبل منعقد کیے جائیں گے۔ 
اس سے قبل وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ وہ 17 اکتوبر کو یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں علیحدگی کے موجودہ معاہدے میں تبدیلیاں منظور کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے پیر کو 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر مختصر بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی صورت میں بریگزٹ میں مزید کسی التوا کا مطالبہ نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم بورس جانسن ہر صورت یورپی یونین سے 31 اکتوبر کو نکلنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

شیئر: