’غلط خبریں مت چلائیں، جب تک زندہ ہیں انہیں رہنے دیں‘
’غلط خبریں مت چلائیں، جب تک زندہ ہیں انہیں رہنے دیں‘
بدھ 4 ستمبر 2019 11:07
اداکار عابد علی کے خاندان نے مداحوں سے ان کی صحتیابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی ہے (فوٹو:فیس بک)
پاکستان کے نامور ہدایت کار و اداکار عابد علی گزشتہ چند ایام سے شدید علالت کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے، تاہم اس عرصے میں نجی ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر ان کی وفات کی خبر گردش کرنے لگی جس کی عابد علی کی بیٹی اور ہسپتال انتظامیہ نے بھی تردید کی۔
منگل اور بدھ کی درمیانی شب رات 12 بجے کے قریب فیس بک پر مختلف گروپس میں لوگوں نے یہ خبر شیئر کی کہ عابد علی وفات پا چکے ہیں، بعد ازاں نجی ٹی وی چینلز بشمول دنیا نیوز، جی ٹی وی، اب تک نیوز و دیگر نے معروف اداکار کی طویل علالت کے بعد انتقال کی خبر نشر کی۔
فوراً ہی عابد علی کی بیٹی راحمہ علی کی جانب سے سوشل میڈیا پہ بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے ان تمام افواہوں کی یکسر تردید کی۔ راحمہ علی کا کہنا تھا کہ ان کے والد حیات ہیں اور انشاللہ رہیں گے، اس وقت وہ ہسپتال میں سو رہے ہیں۔ ’خدارا غلط خبریں مت چلائیں، جب تک زندہ ہیں انہیں رہنے دیں۔‘
اس تردید کے آنے کے بعد سوشل میڈیا گروپس پر تو لوگوں نے فوراً تصحیح کر لی اور لوگوں سے افواہیں نہ پھیلانے کی درخواست کی، مگر لوکل میڈیا پر ابھی بھی عابد علی کے انتقال سے متعلق خبریں موجود ہیں۔
لیاقت نیشنل ہسپتال کے ترجمان انجم رضوی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کے اداکار عابد علی کے انتقال کی خبر غلط ہے وہ اس وقت ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور عملہ عابد علی کی مکمل دیکھ بھال پر مامور ہے۔
اس سے پہلے راحمہ نے بتایا تھا کہ انہوں نے والد کے علاج کے لیے تمام کوششیں کی ہیں اور اب ڈاکٹروں نے جواب دے دیا ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ مزید کچھ نہیں کر سکتے اور اب عابد علی کو دعاؤں کی ضرورت ہے۔
گذشتہ روز عابد علی کی بڑی بیٹی ماڈل و اداکارہ ایمان علی نے بھی والد کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا تھا اور لوگوں سے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی تھی۔
عابد علی کو جگر کے عارضے کے باعث پیر کو کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، ان کی بیٹی کے بقول وہ دو ماہ سے شدید علیل تھے۔ راحمہ نے اپنے والد کے پرستاروں اور مداحوں سے ان کی جلد شفایابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی تھی۔ کل رات بھی انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا جو مسلسل ان کے والد کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
اس موقع پہ دیگر فنکاروں نے بھی عابد علی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ اداکار ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ عابد علی کی طبیعت ناساز ہے ہمیں ان کے لیے خصوصی دعا کرنی چاہیے۔
عابد علی ملک مایہ ناز فنکار ہیں جنہوں نے متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس کے لیے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا ہے۔