Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر ریجن: ایک ہفتے قبل اے ٹی ایم اکھاڑ نے والے ملزمان گرفتار

پولیس کے مطابق ملزمان سے لوٹی گئی رقم برآمد کر لی گئی۔ فوٹو سوشل میڈیا
سعودی عرب کے عسیر ریجن کے پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے تنومہ کمشنری میں بوکلین کے ذریعے سڑک پر نصب نجی بینک کی اے ٹی ایم اکھاڑ کر لے جانے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت میں آسانی ہوئی۔
سبق نیوز کے مطابق پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ دونوں ملزمان سعودی شہری ہیں جن کی عمریں 30 برس کے قریب ہیں۔
ان کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرکے پراسیکیوشن جنرل کے حوالے کر دیا گیا جہاں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس نے ملزمان کا چالان کاٹ کر انہیں  پراسیکیوشن جنرل کے حوالے کر دیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ 2 افراد نے تنومہ کمشنری میں شاہراہ پر نصب ایک نجی بینک کی اے ٹی ایم اکھاڑنے کے لیے بوکلین لائے۔
ملزمان جنہو ں نے منہ کو رومال سے چھپایا ہواتھا بوکلین سے اے ٹی ایم کو باندھ کر اکھاڑا بعدازاں اسے اپنی جیب کے عقب میں رکھا اور فرار ہو گئے ۔ واردات رات کے وقت کی گئی تھی۔
واردات کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کر نا شروع کر دیا۔ پولیس کو ملزمان کی گاڑی اور اے ٹی ایم صحرا میں مل گئی۔ ملزمان نے مزید شناخت کو مٹانے کے لئے  گاڑی اور اے ٹی ایم نذر آتش کر دی تھی۔ ملزمان اے ٹی ایم میں موجود رقم لیکر فرار ہو گئے تھے ۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ملزمان نے اپنی شناخت کو چھپانے کی کافی کوشش کی مگر وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے ۔ پولیس نے انہیں انتہائی مختصر وقت میں گرفتار کر لیا ۔ ملزمان سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔ پولیس نے ملزمان کا چالان کاٹ کر انہیں  پراسیکیوشن جنرل کے حوالے کر دیا جہاں مزید تحقیقات کے بعد انکا مقدمہ فوجداری عدالت میں بھیجا جائے گا۔

شیئر: