Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کشمیر پاکستان کی تکمیل کا نامکمل ایجنڈا‘

یوم دفاع کے موقع پر پاکستان بھر میں انڈین مظالم کے خلاف کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی بھی منایا جا رہا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان میں چھ ستمبر کا دن ہر سال کی طرح اس بار بھی ملکی دفاع کی خاطر ڈٹ جانے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جا رہا ہے۔
اس موقعے پر جنرل ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں ہونے والی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی تکمیل کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور اس کے حل تک یہ پاکستان کا ایجنڈا رہے گا۔ 
انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں ریاستی دہشتگردی عروج پر ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی تنظیموں کے لیے لمحہ فکر ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کو کبھی تنہا اور حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا۔
 جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے پوری کی ہیں اور آج پاکستان میں امن کی بہتر فضا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں پائیدار امن کی کوشش کی ہے، اور افغانستان میں امن پاکستان میں امن کی ضمانت ہے۔
خیال رہے کہ یوم دفاع کے ساتھ ساتھ آج یوم یکجہتی کشمیر بھی منایا جا رہا ہے جس کا مقصد انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والے مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کے ساتھ عوامی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان یوم دفاع مظفر آباد میں منائیں گے جہاں وہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کریں گے۔

 یوم دفاع کے موقعے پر مزار قائد پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ فوٹو: اے ایف پی

یوم دفاع کے موقع پر صدرعارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کے دفاع اور کشمیر کے ساتھ یکجہتی کے حوالے سے پیغامات دیے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہماری مسلح افواج، قوم، سیاسی قیادت، پارلیمنٹ کے دونوں ایوان اور سوشل میڈیا  وادی کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی کے یکطرفہ اورغیر قانونی بھارتی فیصلے کے خلاف یک آواز ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا، جبکہ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
کراچی میں بھی مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پاکستان ایئر فورس اصغرخان اکیڈمی کے کیڈیٹس نے شرکت کی جس میں 5 خواتین کیڈیٹس بھی شامل تھیں۔ گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل حامد رشید تھے۔
ملکی دفاع کی خاطر لڑنے والے فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی تقریب کا اہتمام جنرل ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں کیا جا رہا ہے۔ اس موقعے پر آرمی چیف نے ملکی دفاع کے لیے جان دینے والے فوجیوں کی یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ 
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق آج تین بجے سہ پہر ملک بھرمیں تمام دفاتر بند کر دیے جائیں گے اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

شیئر: