سعودی عرب کے89 ویں قومی دن کی مناسبت سے حرمین ٹرین انتظامیہ کی جانب سے 23 ستمبر کو مکہ سے مدینہ کے کرائے میں خصوصی رعایت کا اعلان کیا گیا ہے۔
رعایت کا اطلاق اکنامی کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں پر ہوگا۔
سعودی ریلوے کی آفیشل ویب سائٹ پر اعلان کیا گیا ہے کہ قومی دن کی مناسبت سے مکہ یا جدہ سے مدینہ جانے والے یا مدینہ سے مکہ یا جدہ جانے والوں کیلئے قومی دن کی مناسبت سے خصوصی رعایت دی جائے گی اس ضمن میں کرایہ 89 ریال مقرر کیا گیا ہے۔ جو کہ پہلے 131 ریال تھا۔
سعودی ریلوے کی جانب سے بکنگ کے لئے ویب سائٹ پربھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ رعایتی نرخ صرف قومی دن یعنی 23 ستمبر کیلئے ہونگے۔
واضح رہے مکہ سے مدینہ کیلئے گزشتہ برس سے سعودی ریلوے سروس شروع کی گئی ہے۔ اس سال حج پر جانے والوں کو بھی ریلوے کی سہولت فراہم کی گئی۔ مدینہ سے جدہ جانے کیلئے ایک گھنٹہ 39 منٹ کا وقت لگتا ہے جبکہ بذریعہ بس یہ سفر کم از کم چھ گھنٹے کا ہوتا ہے جس میں ایک گھنٹہ آرام کے لئے بس کمپنی کی جانب سے مقرر کیا گیا ہے۔
ریلوے سروس سے حجاج کرام اور عمرہ زائرین کے علاوہ مقامی افراد کو بھی کافی سہولت ہوئی۔
ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریل کی بوگیوں میں 417 مسافروں کی گنجائش ہے جبکہ ریل سروس سے سالانہ چھ کروڑ مسافر مستفیض ہو تے ہیں۔ مکہ سے جدہ بعدازاں رابغ اکنامک سٹی سے ہوتے ہوئے مدینہ منورہ پہنچتی ہے۔
جدہ میں ریلوے کا اسٹیشن السمانیہ کے علاقے میں ہے جہاں مسافروں کو جملہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
جدید خطوط پر تعمیر کردہ ریلوے اسٹیشن میں وسیع و عریض کار پارکنگ کے علاوہ مسجد، انتظار گاہ، دکانیں، ریسٹورانٹس، کافی شاپ اور بس اسٹینڈ بھی بنائے گئے ہیں۔ پارکنگ کا ایک حصہ ٹیکسی سروس کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔ سعودی ریلوے کی جانب سےتینوں شہروں میں اسٹیشن کی عمارت کا نقشہ یکساں بنایا گیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں