سناکشی سنہا کے بالی وڈ میں نو سال
سناکشی سنہا نے بہترین اداکاری اور پرفارمنس پر کئی ایوارڈز اپنے نام کیے (فوٹو:اے ایف پی)
بالی وڈ کی دبنگ گرل سناکشی سنہا کی فلمی دنیا میں اینٹری کو 9 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ 10 ستمبر 2010 میں ’مست نینوں‘ والی دبنگ حسینہ بالی وڈ میں آئیں اور چھا گئیں۔
دبنگ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور اس فلم نے راتوں ہی رات انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
فلم میں سلمان خان نے چل بل پانڈے تو سناکشی نے رجّو کا کردار نبھایا اور ان کا یہ ڈائیلاگ ’تھپڑ سے ڈر نہیں لگتا صاحب، پیار سے لگتا ہے‘ کافی مشہور ہوا۔
بالی وڈ میں اپنے 9 سال مکمل ہونے پر شوخ و چنچل اداکارہ سناکشی سنہا نے اپنے انسٹاگرام پر ایک جذباتی نوٹ شیئر کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ ’آج سے 9 سال قبل فلم دبنگ ریلیز ہوئی تھی جس کا مطلب یہ ہے کہ میں نے اداکاری کا شاندار سفر شروع کیا۔ سچ بتاؤں تو مجھے نہیں معلوم کہ یہ وقت کہاں اڑ گیا کیونکہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے یہ کل کی ہی بات ہو۔‘
سناکشی سہنا نے بالی ووڈ کے ٹاپ ہیروز کے ساتھ کام کیا ہے اور انہوں نے بہترین اداکاری پر کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔ دبنگ ٹو کے سیکوئل میں بھی سلّو بھائی کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا اور اب ایک بار پھر چل بل پانڈے اور رجّو فلمی شائقین کا دل جیتنے آرہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ کہ جس دن سناکشی سنہا نے اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کی ٹھیک اسی دن سلّو بھائی نے دبنگ 3 کا پوسٹر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور ساتھ لکھا کہ ’آرہے ہیں چل بل پانڈے، ٹھیک 100 دن بعد، سواگت تو کرو ہمارا‘۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ رواں سال اپریل سے ہی سناکشی دبنگ 3 کی شوٹنگ میں مصروف تھیں اور انہوں نے شوٹنگ کے پہلے دن کی تصویر بھی اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی جسے ان کے مداحوں نے خوب پسند کیا تھا۔
سلمان خان کے ساتھ ایک بار پھر کام کرنے کے حوالے سے سناکشی سنہا نے انڈیا کی خبررساں ایجنسی انڈو ایشین نیوز سروس کو بتایا کہ’میں اپنے جذبات کو بیان نہیں کرسکتی، یہ ایسا ہی ہے جیسے آپ وہاں پہنچ گئے ہوں جہاں سے آپ نے شروع کیا تھا۔ میں جو ہوں اور جہاں ہوں یہ دبنگ فلم اور سلمان خان کی وجہ سے ہی ہے۔ میرے لیے یہ فلم ہمیشہ ہی بہت خاص رہے گی۔‘
اپنے 9 سال کے فلمی کریئر میں سناکشی سنہا نے کئی ہٹ فلمیں اور یادگار پرفارمنس دی جس پرانہوں نے نہ صرف انڈسٹری بلکہ اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔