انڈیا کی معروف اداکارہ دیپکا پاڈوکون نے کہا ہے کہ ذہنی صحت کے متعلق شعور اجاگر کرنے پر بات چیت کا سلسلہ شروع تو ہوا ہے لیکن ابھی ایک لمبا سفر طے کرنا ہے۔
’دی لِو لَو لاف فاؤنڈیشن‘ کی بانی دیپکا پاڈوکون حال ہی میں انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں ذہنی معذوری کے کلنک پر بات کرنے کے لیے پہنچی تھیں۔
دیپکا نے کہا کہ ’جہاں تک ذہنی بیماری کی وجوہات کا سوال ہے تو میرے خیال سے ہم لوگوں نے ایک لمبا راستہ طے کیا ہے لیکن ہمیں مزید شعور اجاگر کرنے کے لیے مزید طویل سفر طے کرنا ہے۔‘
انھیں پانچ سال قبل 2014 میں ڈپریشن کے مرض کی تشخیص ہوئی تھی اور انھوں نے اس کے متعلق کھل کر بات کی تھی۔
حال ہی میں اداکارہ شردھا کپور نے بھی اعصابی اور ذہنی پریشانی کے بارے میں بات کہی تھی کہ وہ اینگزائٹی کا شکار ہوئی تھیں اور وہ اس وقت کی بات ہے جب وہ اس کے بارے میں جانتی تک نہیں تھیں۔ انھیں درد رہتا تھا اب حالات بہتر ہیں اور انھوں نے ’اس سے لڑنے کا ہنر سیکھ لیا ہے۔‘
ان سے قبل اداکارہ انوشکا شرما نے بھی کہا تھا کہ وہ اینگزائٹی کا شکار رہی ہیں لیکن اب وہ اس سے نجات حاصل کر چکی ہیں۔
مغرب اور ہالی وڈ کے سٹارز اس کے متعلق کھل کر بات کرتے رہے ہیں لیکن انڈیا میں ذہنی امراض کو ایک قسم کا کلنک سمجھا جاتا ہے اس لیے لوگ جلدی اس کے بارے میں باتیں نہیں کرتے ہیں۔
بچے کی چاہت اور ذمہ داری
بالی وڈ میں رومانس، شادی، ماں بننے اور بچہ پالنے کی خبریں عام ہوتی ہیں۔ کرینہ کپور جہاں اپنے بچے کی پیدائش کے بعد سے ایک نئے اوتار میں ہیں وہیں دیپکا پاڈوکون کے ماں بننے کی خبریں بھی وقتاً فوقتاً آتی رہتی ہیں جبکہ حال ہی میں اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے ماں بننے کی اپنی خواہش کا برملا اظہار کیا ہے۔
ان سب کے درمیان بالی وڈ کی بولڈ اداکارہ ملیکا شیراوت نے کہا ہے کہ وہ ماں بننے کے تصور سے ہی خوفزدہ ہیں۔
ملیکا شیراوت کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بچوں کو بہت پسند کرتی ہیں اور رواں سال کانز فلم فیسٹیول میں وہ اپنے بھتیجے کے ساتھ پہنچی تھیں۔ وہ دنیا بھر میں گھومتی ہیں لیکن اپنے بھائی وکرم لامبا کے بیٹے کے لیے وقت نکال لیتی ہیں۔
ایسے میں آخر ان کے خوف کی وجہ کیا ہو سکتی ہے؟
ان کا کہنا ہے کہ ’یہ بہت ہی ذمہ داری کی چیز ہے جو میں نہیں چاہتی۔ میں ایک بچے کی ذمہ داریوں سے بہت خائف ہوں۔ ابھی تو جہاں بھی دل چاہتا ہے سوٹ کیس اٹھا کر چل پڑتی ہوں۔ لیکن اگر میرا بچہ ہوا تو پھر مجھے ہر وقت اس کے بارے میں سوچتے رہنا ہوگا۔ میں اس کے بارے میں سوچ سوچ کر پاگل ہو جاؤں گی کہ اسے کس سکول میں ڈالنا ہے۔‘
ملیکا شیراوت کو اس بارے میں سابق حسینہ کائنات اور بالی وڈ اداکارہ سشمیتا سین سے سبق لینا چاہیے جنھوں نے شادی کے بغیر بچہ گود لے کر والدین کے فرض تنہا نبھانے کا فیصلہ کیا اور ایک مثال قائم کی ہے۔
ماں کا کردار اور محبوبہ کا کردار
فلم ’سنجو‘ میں سنجے دت کا کردار اگر رنبیر کپور نے ادا کیا ہے تو نرگس کا کردار معروف اداکارہ منیشا کوئرالہ نے ادا کیا ہے۔
ایک بار پھر وہ سنجے دت کے ساتھ نئی فلم ’پرستھانم‘ میں نظر آ رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ فلم ’کارتوس‘ میں ساتھ تھیں۔
مزید پڑھیں
-
منیشا کوئرالہ نرگس کے کردار میںNode ID: 183671
-
کیا پرینیتی، شردھا کی جگہ لیں گی؟Node ID: 406336