سعودی لڑکیوں کی ٹیم میں فاتن القحطانی، رغدہ العیساوی اور لیلی التلمسانی شامل ہیں (فوٹو:سبق)
عرب گالف ٹورنامنٹ 20 فار یوتھ اور الیون فار گرلز مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے ڈریم لینڈ سٹیڈیم میں منعقد ہوگا جس میں سعودی گالف آرگنائزیشن شرکت کرے گی۔ اس ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار لڑکیوں کی ٹیم گالف ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں 2 اور ٹیمیں شریک ہوں گی جن میں سے ایک 15سال اور دوسری 13برس سے کم عمر کے لڑکوں پر مشتمل ہوگی۔
عرب گالف ٹورنامنٹ میں لڑکیوں کی سعودی ٹیم فاتن القحطانی، رغدہ العیساوی اور لیلی التلمسانی پر مشتمل ہے۔
15برس سے کم عمر کے لڑکوں کی ٹیم میں علی البابطین اور 13برس سے کم عمر کے لڑکوں کی ٹیم میں عمر التلمسانی، عبدالعزیز المدیمیغ اور خالد المدیمیغ شریک ہیں۔
ٹیم کے کوچ علی بلحارث ہیں جبکہ قومی ٹیم کی قیادت عبداللہ الغدیر کررہے ہیں۔
علی البابطین15برس سے کم عمر لڑکوں کے پہلے راؤنڈ میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں اور اب وہ فائنل میں پہلی پوزیشن کے امیدوار ہیں۔
سعودی گالف آرگنائزیشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین ماجد سرور نے عرب گالف ٹورنامنٹ میں سعودی لڑکیوں کی پہلی بار شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ خوش آئند بات ہے کہ سعودی لڑکیاں گالف ٹورنامنٹ میں شرکت کررہی ہیں۔ سعودی لڑکیاں باصلاحیت ہیں اور اس تجربے سے انہیں گالف سے متعلق تکنیکی معلومات حاصل ہوں گی۔‘