Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہاتما گاندھی کے جسد خاکی کی راکھ چوری

گاندھی کی برسی پر انتہا پسندوں نے ان کے خلاف ایک ویڈیو بھی وائرل کی، فوٹو: سوشل میڈیا
انڈیا کے بابائے قوم کہلانے والے کانگریس کے رہنما مہاتما گاندھی کی 150 ویں سالگرہ پر جہاں لوگ دنیا بھر میں انھیں یاد کر رہے تھے وہیں ان کی یادگار بھی چوری ہوئی اور ان کے پوسٹر پر 'غدار وطن' بھی لکھ دیا گیا۔
یہ واقعہ وسطی انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع میں پیش آیا جہاں کانگریس کی حکومت ہے۔
کانگریس کے رہنما جب ریوا کے لکشمن باغ میں واقع 'باپو بھون' میوزیم پہنچے تو انھوں نے دیکھا کہ ان کے پوسٹر پر 'راشٹر دروہی' یعنی غدار وطن لکھا ہوا ہے۔
انھوں نے یہ بھی پایا کہ ان کے جسد خاکی کی راکھ جس پیتل کے برتن میں وہاں سنہ 1948 سے یادگار کے طور پر رکھی ہوئی تھی وہ بھی غائب ہے۔

'باپو بھون' میوزیم میں گاندھی کے پوسٹر پر 'راشٹر دروہی' (غدار وطن) لکھ دیا گیا، فوٹو: دا وائر

یاد رہے کہ مہاتما گاندھی کو 30 جنوری 1948 کو ایک سخت گیر ہندو نتھو رام گوڈسے نے دہلی میں تین گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔
سخت گیر ہندو گاندھی کے ہندو مسلم اتحاد کے سخت مخالف تھے اور وہ انھیں آج بھی اپنا دشمن سمجھتے ہیں حالانکہ گاندھی اپنی ذاتی زندگی میں پوری طرح ہندو تھے۔
انڈیا میں ایک طبقہ ہمیشہ سے ایسا رہا ہے جو مہاتما گاندھی اور ان کے نظریات کا سخت مخالف رہا ہے اور مرکز میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بہت سے لوگ کھل کر گاندھی کی مخالفت کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔
رواں سال 30 جنوری کو گاندھی کی موت کے دن ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سخت گير ہندو تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چند افراد کو گاندھی کے پتلے کو گولی مارتے دیکھا جا سکتا تھا۔

رواں برس دو اکتوبر کو گاندھی کی 150 ویں سالگرہ منائی گئی، فوٹو: اے ایف پی

اس ویڈیو میں ان کے پتلے میں سے علامتی خون بھی نکلتے دکھایا گیا تھا جس پر بہت تنقید ہوئی تھی اور اس عمل میں شامل افراد کے خلاف کارروائی کی بات کی گئی تھی۔
گاندھی کے یوم پیدائش پر جہاں سوشل میڈیا پر ان کے تعلق سے ہیش ٹیگ نظر آئے وہیں پہلی بار ان کے قاتل نتھو رام گوڈسے کے تعلق سے بھی ایک ہیش ٹيگ گردش کر رہا تھا 'گوڈسے امر رہیں' یعنی گوڈسے زندہ باد۔
نیوز 18 کے مطابق 'باپو بھون' میں ہونے والی چوری اور گاندھی کی تصاویر پر سبز رنگ سے 'راشٹر درورہی' لکھنے کے خلاف پولیس کے پاس تعزیرات ہند کی دفعہ 153 بی، 506 اور 507 کے تحت ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے۔
کانگریس کے ضلعی سربراہ گرمیت سنگھ کی درخواست پر یہ شکایت درج کی گئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ پولیس کو اس معاملے کی تحقیق کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز چیک کرنی چاہیے۔

’باپُو بھون‘ میں گاندھی کے جسد خاکی کی راکھ بھی غائب کر دی گئی ہے، فوٹو: ہندوستان ٹائمز

حکام کے مطابق علاقے میں اس خبر کے پھیلنے سے کشیدگی کا ماحول ہے لیکن ان لوگوں نے گاندھی کی تصویر سے اب وہ الفاظ مٹا دیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’باپو بھون‘ کے نگران منگل دیپ تیواڑی نے کہا ہے کہ یہ سب بہت ہی 'شرم ناک ہے' جبکہ کانگریس رہنما گرمیت سنگھ نے کہا کہ اس 'پاگل پن کو رکنا ہی ہو گا۔
انڈین خبروں کے لیے ’’اردو نیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: