جدہ میں دو پاکستانی سمگلروں کا سر قلم
الزام ثابت ہونے پر عدالت میں زمین میں فساد پھیلانے کی حد کی سزا سنادی
سعودی عرب میں حکام کے مطابق جدہ میں دو پاکستانی شہریوں کا ہیروئن سمگلنگ کے جرم میں سر قلم کردیا گیا۔ شرعی عدالت نے الزام ثابت ہونے پر دونوں کو سزائے موت سنائی تھی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی محکمہ کسٹم نے دو مختلف واقعات میں ملک میں ہیروئن سمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنا دی۔
ایئرپورٹ حکام نے پاکستانی شہریوں غلام قمر غلام حسین اور دوسرے موقع پر محمد اکبر محمد رمضان کو ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔
دونوں سمگلروں کو شرعی عدالت میں پیش کیا گیا۔ دونوں نے ہیروئن سمگل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
الزام ثابت ہونے پر شرعی عدالت نے زمین میں فساد پھیلانے کی حد نافذ کرنے کی سزا سنا دی جس پر پیر کو جدہ میں عمل درآمد ہوا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں