امریکی دفاعی انٹیلیجنس کے اہلکار کو ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا (فوٹو:اے ایف پی)
صحافیوں کو خفیہ معلومات فراہم کرنے پر امریکی دفاعی انٹیلی جنس کے ایک تحقیق کار کو گرفتار کیا گیا ہے۔
30 سالہ ہنری کائل فریسا کو ورجینیا کے علاقے الیگزینڈریا سے ان کے دفتر سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اپنی ڈیوٹی پر پہنچے۔ سنہ 2017 سے ہنری کائل فریسا امریکی دفاعی اننٹیلیجنس (ڈی آئی اے) کے اہلکار ہے۔
ڈی آئی اے امریکی فوج کا خفیہ ادارہ ہے۔
بدھ کو اس کیس سے متعلق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل جان ڈیمرز نے صحافیوں کو بتایا ’ہنری کائل فریسا کو ذاتی فائدے کے لیے قومی سلامتی سے متعلق حساس معلومات افشا کرنے پر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے یہ نہیں بتایا کہ ہنری کائل فریسا نے مبینہ طور کس نوعیت کے معلومات افشا کیے تاہم یہ کہا کہ یہ معلومات کسی ملک کے ہتھیاروں کے نظام سے متعلق تھیں۔
محکمہ انصاف کی جانب سے ان دو صحافیوں کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ تحقیق کار ہنری کائل فریسا نے مبینہ طور پر ان کو معلومات فراہم کیے۔
فرد جرم اور فریسا کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لیے گئے معلومات کے مطابق اس کیس میں ملوث صحافیوں کا تعلق امریکی ٹی وی چینلز سی این بی سی اور این بی سی سے ہے۔
سی این بی سی مئی 2018 میں کہا تھا کہ چین نےمتنازعہ جزیرے سپریٹلے پر اینٹی شپ کروز میزائل اور ائیر میزائل سسٹم نصب کیا ہے۔
سی این بی سی کی جانب سے اس کیس سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہا گیا۔
کہا جا رہا ہے دو صحافیوں میں سے ایک کے ساتھ ہنری کائل فریسا کا رومانوی تعلق تھا۔
عائد کی گئی فرد جرم کے مطابق ہنری کائل فریسا نے گذشتہ برس کے اپریل یا مئی کے مہینے میں مبینہ طور کئی مواقعوں پر ایک انٹیلیجنس رپورٹ تک رسائی حاصل کی جو ان کی کام کے ذمہ داریوں سے متعلق نہیں تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کے ٹیلی فون کی نگرانی کی گئی تھی۔
ایف بی آئی کے سپیشل ایجنٹ ایلن کولر کے مطابق ہنری کائل فریسا نے مبینہ طور پر قومی دفاع سے متعلق معلومات افشا کیے جس سے انہوں نے ہماری قوم اور ملک کو خطرے میں ڈالا۔
’ انہوں نے امریکہ کی خدمت اور حفاظت سے متعلق اپنے حلف کی خلاف ورزی کی۔‘
ہنری کائل فریسا کو الزام ثابت ہونے پر دس برس سے زیادہ قید کی سزا ہو سکتی ہے۔