Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ترک حملہ، عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب

سعودی عرب سمیت متعدد ممالک نے ترکی کے کارروائی کی مذمت کی (فوٹو:اے ایف پی)
شمالی شام میں ترک فوجی آپریشن کے حوالے سے عرب لیگ نے سنیچر کو وزرا خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں شام پر ترکی جارحیت کے حوالے سے بحث کی جائے گی ۔
عرب میڈیا کے مطابق لیگ کے سیکریٹری جنرل کے معاون سفیر حسام زکی نے کہا کہ ’جمہوریہ مصر کی درخواست پر شمالی شام کے علاقے میں ترکی کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کے حوالے سے وزرا خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔‘ 
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا ’مصری حکومت کی جانب سے ہنگامی نوعیت کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی دیگر رکن ممالک نے بھی تائید کرتے ہوئے فوری منعقد کرنے پر زور دیا۔‘

ترک افواج کی جانب سے کارروائی کے بعد مقامی آبادی محفوظ مقامات کی جانب نکلنے لگی (فوٹو: اے ایف پی)

لیگ کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ ’ شامی سرزمین پر ترکی جارحیت کسی طرح قابل قبول نہیں اور نہ ہی اس کا کوئی جواز پیش کیا جاسکتا ہے، شام پر ترکی کی جانب سے عسکری جارحیت عالمی قوانین کی بھی صریح خلاف ورزی ہے خاص کر ان حالات میں جن سے شام گزر رہا ہے۔‘
معاون سیکرٹری جنرل نے منعقد کیے جانے والے ہنگامی اجلاس کے ایجنڈے کے حوالے سے کہا کہ ’عرب لیگ کے وزرا خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں سب سے پہلے حالیہ صورت حال پر بحث کی جائے گی جس کے بعد تمام شرکا مسئلے کے ٹھوس حال کے حوالے سے اپنی آراء پیش کریں گے جن پر عمل درآمد کرانے کے لیے طریقہ کار بھی وضع کیاجائے گا۔‘
واضح رہے ترکی کی جانب سے شمالی شام کے علاقے میں عسکری کارروائی کی سعودی عرب سمیت دیگر ممالک نے بھی شدید مذمت کی ہے۔  سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزرات خارجہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں شام میں فوجی جارحیت کو علاقائی امن کے لیے شدید خطرہ قرار دیا گیا ۔
سعودی عرب کی جانب سے شام پر کی جانے والی عسکری جارحیت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شام کے عوام کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ۔

شیئر:

متعلقہ خبریں