بجلی گڑکنے کے دوران موبائل فون کا استعمال خطرناک ثابت ہو سکتا ہے.فوٹو۔ عاجل نیوز
سعودی عرب کی العرضیات کمشنری میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے ۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے افراد موبائل فون کے ذریعے بجلی گرنی کی عکاسی کر رہے تھے ۔
عربی ویب نیوز سبق کے مطابق مملکت کے طول و عرض میں ان دنوں بارشوں کاسلسلہ جاری ہے ۔ پہاڑی علاقوں اور بعض وادیوں میں سیلابی کیفیت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے نواحی علاقو ںمیں مقیم لوگوں کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں ۔
شہری دفاع کی جانب سے ایسے شہروں کو قصبوں میں رہنے والوں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں پانی سیلابی ریلے کی صورت گزرتا ہے ۔
اس ضمن میں ماہرموسمیات حسن کرانی کا کہنا ہے کہ 'مملکت کے مختلف علاقوں میں موسمی تبدیلی واقع ہو رہی ہے ۔ شمال ،مغربی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جو مملکت کے وسطی علاقے تک پہنچے گا ' ۔
کرانی کا مزید کہنا تھا کہ 'مملکت کے جنوبی علاقے ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، علاوہ ازیں مغربی علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں '۔
دریں اثناء عربی جریدے الوطن کے مطابق جمعہ کی شب ہونے والی بارش سے مملکت کے بعض نشیبی علاقو ں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی ۔ تبوک ریجن کے نواحی علاقے میں پکنک مناتے ہوئے ایک خاندان سیلابی ریلے میں پھنس گیا جس سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہری دفاع کی امدادی ٹیموں نے پھنسے ہوئے خاندان کو سیلابی ریلے سے نکالا ۔
شہری دفاع نے مملکت کے طول وعرض میں مقیم لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بارشوں کے سیزن میں پہاڑی علاقوں اورنشیبی مقامات پر قیام کرنے سے گریز کریں ۔
احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے شہری دفاع نے مزید کہا کہ 'بجلی گڑکنے کے دوران موبائل فون کا استعمال خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اس لیے اس امر کا خاص خیال رکھا جائے کہ بارش کے دوران موبائل فون استعمال نہ کریں '۔