رنویر سنگھ فلم میں کپل دیو کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فوٹو: انسٹاگرام
بالی وڈ کے مشہور فلم ڈائریکٹر کبیر خان نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ معروف اداکار رنویر سنگھ ان کی آئندہ سال ریلیز ہونے والی فلم ’83‘ کی شوٹنگ کے دوران اصلی ورلڈکپ دیکھ کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے جس کے باعث انہیں شوٹنگ رکوانا پڑی۔
فلم ’83‘ کی کہانی 1983 کی آئی سی سی ولڈ کپ ٹرافی کی فاتح ٹیم انڈیا کے گرد گھومتی ہے جس میں انڈین ٹیم کے کپتان کپل دیو تھے جبکہ فلم میں رنویر سنگھ سابق کرکٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انڈین اخبار ممبئی مرر کو انٹرویو دیتے ہوئے کبیر سنگھ نے بتایا کہ ’انگلینڈ کے تاریخی لارڈز گراؤنڈ میں ہم ورلڈ کپ 1983 کے فائنل کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ اس وقت رنویر سنگھ کو ورلڈکپ تھمایا گیا تو وہ یہ جان کر خوشی کے مارے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے کہ مقامی انتظامیہ نے انہیں نقلی نہیں بلکہ اصلی ورلڈ کپ دے دیا تھا۔‘
کبیر خان کے مطابق ’رنویر کو روتا دیکھ کر میں چیخا، کٹ کرو۔‘
اس انٹرویو میں انہوں نے مزید بتایا کہ لارڈز کے گراؤنڈ میں فلم کی شوٹنگ پانچ روز تک جاری رہی۔ ان کے مطابق اس موقعے پر 1983 میں ویسٹ انڈیز کی کپتانی کرنے والے کلائیو لائیڈ بھی سٹیڈیم میں موجود تھے جنہوں نے ٹرافی دینے کے سین کی شوٹنگ دیکھ کر کہا کہ ’میں اپنی زندگی میں دوسری بار یہ ٹرافی انڈیا کے پاس جاتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا۔‘
خیال رہے کہ 1983 کے ورلڈ کپ میں انڈیا نے دو مرتبہ کے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر پہلی بار عالمی کپ اپنے نام کیا تھا۔ اس میچ میں کپل دیو نے سر ویوین رچرڈز کا شاندار کیچ بھی پکڑا تھا جس کی بدولت ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ بالکل ناکام ہو گئی تھی۔
کبیر سنگھ کے مطابق شوٹنگ کے دوران جب انہوں نے کلائیو لائیڈ کو پاس آنے کو کہا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ اپنی زندگی میں دوسری بار ورلڈ کپ انڈیا کو ملتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے۔‘
متوقع ہے کہ یہ فلم آئندہ سال اپریل میں ریلیز ہوگی۔