Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا پانچ روزہ دورہ مکمل، برطانوی شاہی جوڑا واپس روانہ

شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن لاہور سے واپس اسلام آباد جا رہے تھے، فوٹو: روئٹرز
برطانوی شاہی جوڑا پاکستان کا پانچ روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گیا ہے۔ شاہی جوڑے کو نور خان ایئر بیس پر برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور دیگر حکام نے الوداع کہا۔ 
اس سے قبل شاہی جوڑے کا طیارہ جمعرات کو خراب موسم کے باعث اسلام آباد میں لینڈ نہیں کرسکا تھا جس کے بعد طیارے کو واپس لاہور بھجوایا گیا تھا تاہم جمعے کی صبح طیارے نے انہیں اسلام آباد پہنچایا جہاں سے وہ وطن واپس لوٹ گئے۔
اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابق جمعرات کو موسم کی خرابی کی وجہ سے شاہی جوڑے کا طیارہ اڑان نہیں بھر سکا تھا جس کے بعد شاہی جوڑے کو لاہور کے پرل کونٹیننٹل ہوٹل لے جایا گیا تھا۔
شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے رات پی سی ہوٹل میں ہی قیام کیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن لاہور میں مصروف دن گزارنے کے بعد واپس اسلام آباد آ رہے تھے کہ ان کا طیارہ شدید طوفان میں پھنس گیا، تاہم طیارے کو بحفاظت واپس لاہور پہنچا دیا گیا۔

شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن نے لاہور میں کرکٹ بھی کھیلی، فوٹو: اے ایف پی

شہزادہ ولیم کا کہنا تھا کہ 'وہ اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن خیریت سے ہیں۔'
روئٹرز کے مطابق پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر موجود شاہی جوڑا رائل ایئر فورس کے طیارے میں سوار تھا، طیارے نے پہلے نور خان ایئر بیس اور دوسری مرتبہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ اترنے کی کوشش کی جو خراب موسم کے باعث کامیاب نہ ہو سکی۔  
شہزادہ ولیم، جو ماضی میں سرچ اور ریسکیو پائلٹ کے طور پر کام کر چکے ہیں، نے لاہور لینڈ کرنے کے بعد رپورٹرز کو بتایا کہ ’وہ اور کیٹ بالکل ٹھیک ہیں۔‘
انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ ’مسئلہ اس لیے پیش آیا کیونکہ وہ طیارہ اڑا رہے تھے۔‘

شہزادہ ولیم نے ازراہ مذاق کہا کہ جہاز وہ اڑا رہے تھے اسی لیے مسئلہ پیدا ہوا۔ فوٹو: اے ایف پی

واضح رہے کہ برطانوی شاہی جوڑا پاکستان کے پانچ روزہ پہلے دورے پر پیر کو اسلام آباد پہنچا تھا۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: