Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی: جائیداد کیسے خریدیں؟

پلاٹس اور فلیٹس کا مالک بننے کے لیے 4 قوانین ہیں۔۔ فوٹو الامارات الیوم
متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں دنیا بھر کے لوگ خصوصاً پاکستانی، انڈین اور بنگلہ دیشی بڑی تعداد میں آباد ہیں۔ اپنا کاروبار بھی کر رہے ہیں۔ حکومت ابوظبی نے غیر ملکیوں کو پلاٹس اور فلیٹس خریدنے کی سہولت دی ہوئی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق گورنمنٹ ابوظبی سروس سسٹم ویب سائٹ ’تم‘ پر غیر ملکیوں کو پلاٹس اور فلیٹس کا مالک بننے کے لیے 4 قوانین متعارف کیے ہیں۔

 غیر ملکی مکان یا پلاٹ یا بنگلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ فائل فوٹو

حکومت نے غیر ملکیوں کو ایک سہولت یہ دی ہے کہ وہ زمین کے بغیر صرف مکان کے مالک بن سکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں مکان 99 سال کے پٹے پر دیدیا جاتا ہے۔
 انہیں اپنے خریدے ہوئے مکان یا بنگلے میں تبدیلی کی مکمل آزادی ہوتی ہے۔ اس سکیم کے تحت غیر ملکی صرف مکان یا بنگلے کا مالک ہوتا ہے۔ اس زمین کا نہیں جس پر وہ مکان یا بنگلہ بنا ہوتا ہے۔
جو غیرملکی مخصوص انویسٹمنٹ زون میں مکان کے مالک بننا چاہتے ہوں ان کے لیے ’المساطحہ‘سسٹم جاری کیا گیا ہے۔ جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ غیر ملکی خریدار 50برس کے لیے کسی پلاٹ یا عمارت کی چھت پر کوئی مکان بنانا چاہے تو بنا سکتا ہے اس کے لیے فریقین کو ’مساطحہ‘ معاہدہ کرنا ہوگا۔
 مقررہ مدت کے دوران غیر ملکی اپنے مکان میں تبدیلی کرسکتا ہے اور مقررہ پلاٹ سے حسب سہولت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اس میں مزید 50برس کی توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔

ابوظہبی حکومت نے غیر ملکیوں کو مکانات کا مالک بننے کا قانون جاری کیا ہے۔۔ فائل فوٹو

حکومت نے مخصوص انویسٹمنٹ زونز کے اندر غیر ملکیوں کو مکانات کا مالک بننے کا ایک اور قانون ’نظام الانتفاع ‘ کے نام سے جاری کیا ہے۔ 
اس نظام کے تحت فریقین 99برس کا معاہدہ کرتے ہیں۔ اس معاہدے کی بدولت غیر ملکی کو متعلقہ پلاٹ اور ان سے منسلک سہولتوں سے فائدہ اٹھانے کا حق ہوتا ہے۔ البتہ اس معاہدے کے تحت غیر ملکی تبدیلی کا مجاز نہیں ہوتا۔
حکومت نے طویل المعیاد کرایہ قانون بھی جاری کیا ہے۔ اسے’ نظام الایجار الطویل الامد‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت مالک مکان کم از کم 25برس کے لیے مکان کرایے پر دے دیتا ہے۔
’تم‘ ویب سائٹ پر ایسے مقامات سے متعلق بھرپور معلومات بھی دی گئی ہیں جہاں غیر ملکی مکان یا پلاٹ یا بنگلہ حاصل کرسکتے ہیں۔
ابوظبی میں 9 مقامات ایسے ہیں جہاں غیر ملکیوں کو غیر منقولہ جائدادوں کا مالک بننے کی اجازت ہے۔ ان میں جزیرہ یاس، السعدیات، الریم، الماریہ، اللولو، شاطی الراحہ، سیخ السدیرة، الریف اور مصدر شامل ہیں۔
غیر ملکی تارکین میں جزیرہ سعدیات، جزیرہ الریم اور شاطی الراحہ سب سے زیادہ مقبول ہیں۔
  • امارات کی تازہ خبروں کے لیے واٹس گروپ جوائن کریں
     

شیئر: