مسابقے میں مصنوعی ذہانت، روبوٹ، تھری ڈی پرنٹنگ اورورچوئل رئیلٹی میں مقابلے ہوں گے (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں پرائمری اور مڈل اسکولوں کے طلبہ کے لیے سافٹ ویئر پروگرامنگ مسابقے کا آغاز ہوگیا ہے جس میں مصنوعی ذہانت، روبوٹ، تھری ڈی پرنٹنگ اور ورچوئل رئیلٹی کے شعبوں میں مقابلے ہوں گے۔
العربیہ ویب سائٹ کے مطابق وزارت تعلیم کے سیکریٹری ڈاکٹر محمد المقبل نے کہا ہے کہ مسابقے کا اصل مقصد طلبہ میں جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنا اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل طلبہ کو آگے بڑھانا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مسابقے میں غیر معمولی صلاحیتیں دکھانے والے طلبہ کی سرپرستی کی جائے گی اور انہیں اپنی پسندیدہ فیلڈ میں مزید تعلیم دی جائے گی۔
المقبل نے بتایا ہے کہ مسابقہ تین مراحل پر مشتمل ہوگا جس کے بعد فائنل مرحلہ ریاض میں ہوگا جس میں اول آنے والوں کو نہ صرف انعامات دیئے جائیں گے بلکہ ان کی مہارت کو پروان چڑھانے کے لیے مدد کی جائے گی۔