سعودی میڈیا کے مطابق 10برس میں مکہ مکرمہ کی شکل بدل گئی، فوٹو: سی این این
مکہ مکرمہ دنیا کا سب سے مقدس شہر مانا جاتا ہے۔ سعودی حکومت دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں مکہ مکرمہ کے تقدس اور تعظیم کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی تعمیر و ترقی پر غیرمعمولی توجہ دیتی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق گذشتہ 10 برسوں کے دوران مکہ مکرمہ کی شکل بدل گئی۔ یہاں دسیوں عظیم الشان تعمیراتی منصوبے بھی تیار کیے گئے ہیں اور متعدد تمدنی کارنامے بھی انجام دیے گئے ہیں۔ یہاں رہنے والوں کو مکہ مکرمہ میں ہونے والی تبدیلیوں کا بہت زیادہ احساس نہیں ہوتا تاہم جو لوگ دس برس قبل یہاں آئے تھے اوراب ایک بار پھر یہاں پہنچ رہے ہیں وہ مکہ مکرمہ میں ہونے والی تبدیلیوں کو بہت محسوس کررہے ہیں۔
تصاویر کی زبانی مکہ مکرمہ کی دس سالہ ترقی کی کہانی آسانی سے سمجھی جا سکتی ہے۔ سعودی فوٹو گرافر محمد البستانی نے مکہ مکرمہ میں ہونے والی تبدیلیوں کا تصویری جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے مسجد الحرام کے اطراف واقع مقامات کوتصاویر کا خصوصی موضوع بنایا۔ ان میں الغزہ، شعب عامر، جبل کعبہ، ام القریٰ روڈ اور اطراف کے مقامات قابل ذکر ہیں۔
جبل الکعبہ سے شعب عامر تک ریکارڈ وقت میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ بھی تصاویر کی صورت میں دیکھا جا سکتا ہے۔
الغزہ محلہ مسجد الحرام سے متصل محلوں میں سے ایک ہے۔ یہاں قدیم عوامی بازار اورہوٹل ہوا کرتے تھے۔ 10 برس کے دوران الغزہ محلے کا نقشہ مکمل طور پر تبدیل ہو گیا۔ اب یہ محلہ مسجد الحرام کے صحنوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈوں میں بدل گیا ہے۔
البستانی کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں کا منظر نامہ کچھ اس انداز سے بدلا ہے کہ کسی ایک تصویر کے ذریعے ان کی منظر کشی ناممکن ہے۔ انہوں نے تعمیرات کی منظر کشی کا شوق عمرے اور حج پر آنے والوں کی تصاویر اور حج و عمرہ سیزن کی منظر کشی کر کے پورا کیا۔