Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگاپور کی خاتون صدر کے لیے کنگ عبدالعزیز میڈل

شاہ سلمان اور سنگاپور کی صدر حلیمہ یعقوب کی ملاقات ریاض میں ہوئی، فوٹو: ایس پی اے
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سنگاپور کی صدر حلیمہ یعقوب نے بدھ کو ریاض کے قصر یمامہ میں ملاقات کی۔
سنگاپور کی صدر مدینہ منورہ سے ریاض پہنچی تھیں۔ 
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے مذاکرات سے قبل صدر حلیمہ یعقوب کو شاہ عبدالعزیز میڈل پیش کیا۔
دونوں رہنماﺅں نے سعودی عرب اور سنگاپور کے تعلقات، مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے امکانات اور باہمی دلچسپی کے امور پربات چیت کی۔

سنگاپور کی صدر مدینہ منورہ سے دارالحکومت ریاض پہنچی تھیں،  فوٹو: ایس پی اے

اس موقع پر شاہ سلمان کی معاونت کے لیے گورنر ریاض، وزیر مملکت شہزادہ ڈاکٹر منصور بن متعب، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر خزانہ محمد الجدعان اور سنگاپور میں متعین سعودی سفیر سعد الصالح موجود تھے۔
 سنگاپور کی صدر کی معاونت کے لیے ان کے وفد میں شامل ماحولیات، تجارت اور صنعت کے وزرا، سعودی عرب میں متعین سنگاپور کے سفیر اور کئی ارکان پارلیمنٹ تھے۔

شاہ سلمان سے عالمی اقتصادی فورم کے بانی چیئرمین نے بھی ملاقات کی، فوٹو: ایس پی اے

دریں اثناء شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بدھ کو عالمی اقتصادی فورم کے بانی چیئرمین پروفیسر کلاﺅس شواب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سعودی عرب اور فورم کے درمیان تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
 ریاض میں فورم کے ماتحت جدید ٹیکنالوجی سینٹر کے افتتاح کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔ یہ دنیا میں پانچواں ہوگا۔
اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیرمملکت ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر خزانہ محمد الجدعان اور فورم کے کئی عہدیدار بھی موجود تھے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: