نسیم شاہ زید ٹی بی ایل، سینٹرل پنجاب اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے کھیلتے ہیں، فوٹو: ٹوئٹر
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ والدہ کے انتقال کے باوجود پاکستان واپس نہیں آئیں گے اور ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا میں ہی قیام کریں گے۔
نسیم شاہ کی والدہ کا پیر کی رات کو انتقال ہو گیا تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ نسیم شاہ نے آسٹریلیا میں قیام کرنے کا فیصلہ پاکستان میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ باہمی مشاورت سے کیا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی اے ٹیموں نے میچ میں سیاہ ربن باندھ کر نسیم شاہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ واضح رہے کہ 16 سالہ پیسر آسٹریلیا اے کے خلاف پاکستان اے کی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں، تاہم انہوں نے پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ نہیں کی جس میں پاکستان نے 428 رنز بنائے۔
آسٹریلیا اے کی جانب سے بیٹنگ کے آغاز کے بعد نسیم شاہ نے پاکستان کی جانب سے فیلڈنگ میں بھی حصہ نہیں لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہو گا۔ اگر نسیم شاہ کو ٹیسٹ سیریز میں کھیلنے کا موقع دیا گیا تو وہ پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا میں ٹیسٹ کھیلنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہوں گے۔
وہ آسٹریلوی سرزمین پر ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے نویں کم عمر ترین اور پہلے 16 سالہ کرکٹر ہوں گے۔
نسیم شاہ سے قبل پاکستان کے محمد عامر نے 2010-2009 میں 18 برس سے کم عمر میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
نسیم شاہ نے اپنے ڈیبیو کے آغاز کے بعد لاہور کی جانب سے صرف چھ فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ‘آسٹریلوی کنڈیشنز فاسٹ بولر کے لیے بہت موزوں ہیں۔‘
’ہم نسیم شاہ کو آسٹریلوی کنڈیشنز میں کھلانا چاہتے ہیں جہاں انہیں پیس اور باؤنس میں مدد ملے گی۔‘
مصباح الحق کے مطابق ’نسیم شاہ نئی اور پرانی بال کے ساتھ بہت اچھی بولنگ کر سکتے ہیں، وہ پہلے ہی فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایسا کر رہے ہیں۔‘
نسیم شاہ کا تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے دیر سے ہے اور وہ 15 فروری 2003 کو پیدا ہوئے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر انہیں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں وہ زرعی ترقیاتی بینک، کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور سینٹرل پنجاب سے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے قائداعظم ٹرافی میں یکم ستمبر 2018 کو کیا۔
انہوں نے 13 اکتوبر 2019 کو اپنے ٹی20 ڈیبیو کا آغاز سینٹرل پنجاب کی جانب سے کھیلتے ہوئے کیا۔