Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب بحر ہند کے ساحلی ممالک کی تنظیم میں شامل

ریاض معاہدہ شاہ سلمان اور ولی عہد کی زبردست مساعی کے نتیجے میں طے پایا ۔ فوٹو واس
سعودی کابینہ نے منگل کو اسپورٹس پبلک اتھارٹی کے ضوابط اور بحر ہند کے ساحلی ممالک کی تنظیم (آئی او آر اے) میں سعودی عرب کی شمولیت کی منظوری دے دی۔ اجلاس کی صدارت ریاض کے قصر یمامہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے (واس) کابینہ نے یمن کی آئینی حکومت او رجنوبی یمن کی علیحدگی پسند عبوری کونسل کے درمیان طے پانے والے ریاض معاہدے پر اظہار مسرت کیا۔ یہ معاہدہ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زبردست مساعی کے نتیجے میں انجام پایا۔

کابینہ نے ماریطانیہ کے ساتھ انکم ٹیکس اور دہرے ٹیکس سے بچاﺅ کے معاہدے کی منظوری دی۔ فوٹو واس

وزیر اطلاعات و نشریات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعد واس کے نمائندے کو بتایا ہے کہ کابینہ نے ریاض معاہدے پر عالم عرب اور بین الاقوامی تحسین پر اظہار مسرت کیا۔عالمی برادری اور عرب ممالک نے یمنی بحران ختم کرانے، یمن کے اتحاد و سالمیت کے فروغ اور وہاں خوشحالی لانے کے سلسلے میں ریاض معاہدے کو اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
سعودی کابینہ میں مشرق وسطیٰ اور عالمی حالات حاضرہ پر متعدد رپورٹیں پیش کی گئیں۔ اس حوالے سے مملکت کے اس موقف کا اعادہ کیا گیا کہ سعودی عرب، ایران میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی سرگرمیوں کی حمایت کرتا ہے اور ایجنسی کی آنکھ میں دھول جھونکنے والے ایرانی حربوں کی مذمت کرتا ہے۔
سعودی کابینہ نے 12فیصلے کئے۔ پہلا فیصلہ بحر ہند کے ساحلی ممالک کی تنظیم (آئی او آر اے) میں سعودی عرب کی شمولیت کی منظوری سے متعلق تھا۔ کابینہ نے وزارت خارجہ کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ اس معاہدے پر عمل درآمد کے لیے قانونی کارروائی مکمل کرے۔

ریاض میں سعودی کابینہ نے منگل کو 12فیصلے کئے۔ فوٹو واس

کابینہ نے جنوبی افریقہ میں پیٹرو کیمیکل مصنوعات اور آئل ریفائنری کا مکمل کمپلیکس قائم کرنے کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر توانائی کو تفویض کیا۔
کابینہ نے ماریطانیہ کے ساتھ انکم ٹیکس اور دہرے ٹیکس سے بچاﺅ کے معاہدے کی منظوری دی۔کابینہ نے سعودی خلائی کارپوریشن کے چیئرمین کو خلائی تعاون کے عرب گروپ کے آئین کی بابت گروپ کے ارکان کے ساتھ مذاکرات کا اختیار عطا کیا۔
کابینہ نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے انسداد کے سلسلے میں تعاون کے لیے ارجنٹائن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔
کابینہ نے سعودی فروغ صنعت فنڈ کو انویسٹرز کلب میں شمولیت کی درخواست دینے کی اجازت دے دی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: