Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کیساتھ معاہدوں سے تعلقات مزید مضبوط ہونگے، سعودی کابینہ

ریاض۔۔۔ سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سعودی کابینہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ولی عہد ، نائب وزیراعظم وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے مذاکرات ، سعودی پاکستانی رابطہ کونسل کے قیام ، 20ارب ڈالر مالیت کے 2طرفہ 7معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط سے تمام شعبوں میں برادر ممالک پاکستان اور سعودی عرب کے اسٹراٹیجک تعلقات مضبوط ہونگے اورولی عہد کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا بنانے کے عزم کا عملی اظہار ہوا ہے۔سعودی کابینہ نے گھریلو تشدد کے معاملات میں ملزم کا بیان لینے اور پوچھ گچھ کرتے وقت ذہنی امراض کے ماہر کی موجودگی کو ضروری قرار دیدیا۔ شاہ سلمان نے اس موقع پر فلسطینی صدر کے ساتھ اپنے مذاکرات کے نتائج سے کابینہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام اور انکے جائز حقوق سے متعلق سعودی عرب کا موقف غیر متزلزل ہے۔ سعودی عرب خود مختار فلسطینی ریاست اور مشرقی القدس کو اسکا دارالحکومت بنانے سے متعلق فلسطینیوں کے حق کا ماضی کی طرح مستقبل میں بھی دفاع کرتا رہیگا۔ سعودی کابینہ نے ولی عہد کے دورہ پاکستان کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ ہندوستان اور چین کے دورے کے خوشگوار نتائج کی امید ظاہر کی۔ ان ایشیائی ممالک کا دورہ خادم حرمین شریفین کی ہدایت پر عمل میں آرہا ہے۔ اس کی بدولت برادر اور دوست ممالک کیساتھ تمام شعبوں میں سعودی عرب کے تعلقات مضبوط ہونگے۔ سعودی کابینہ نے 7قراردادیں جاری کیں۔ کابینہ نے لیتھوانیا اور زمبیا کے دفاتر خارجہ کےساتھ سیاسی مشاورت کی مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی۔ وزیر توانائی و صنعت و معدنیات کو شمسی توانائی کے عالمی اتحاد کے قیام کے بنیادی معاہدے پر دستخط کا اختیار تفویض کیا۔ کابینہ نے وزیر پیٹرولیم کو ہندوستان کےساتھ توانائی کا معیار بہتر بنانے کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت اور وزیر اطلاعات کو ہندوستان کے ساتھ سمعی و بصری پروگراموں کی تیاری کے سلسلے میں معاہدے کا اختیار تفویض کیا ۔ علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کے ساتھ ماحولیات، پانی، زراعت، خدمات ، مالی منڈیوں ، کسٹم تعاون، مشترکہ منڈی، آباد کاری ، بنیادی ڈھانچے اور لاجسٹک خدمات میں مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی۔ کابینہ نے متعدد تقرریاں بھی کیں۔
 

شیئر: