Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجھے یاد ہے کہ میں ملکہ ترنم کو دیکھتا اور دم بخود رہ جاتا‘

شعیب خان کہتے ہیں کہ وہ ملکہ ترنم کی آواز ہی نہیں حسن کے بھی گرویدہ ہو گئے تھے، فوٹو: انسٹاگرام
پاکستان کے ایک مشہور میک اپ آرٹسٹ نے ملکہِ ترنم میڈم نور جہاں کو اپنے منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
شعیب خان نامی معروف میک اپ آرٹسٹ جو اب تک اپنے فن کو منوا کر کافی ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں نے نور جہاں کی یاد میں ان ہی کا روپ دھارا۔
شعیب خان نے اپنے انسٹاگرام پر اس حوالے سے لکھا تھا کہ ’پی ٹی وی کے زمانے میں پلتے بڑھتے ان کو یاد ہے کہ وہ کیسے ملکہِ ترنم کی صرف ہوشربا آواز سے نہیں بلکہ ان کے حسُن کے بھی گرویدہ ہو گئے تھے۔ ’مجھے یاد ہے کہ ان کو دیکھتا تھا اور دم بخود رہ جاتا تھا۔‘

شعیب خان نے ہالی وڈ کے کردار جوکر کا روپ بھی دھارا تھا، فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے لکھا کہ یہ ان کی ایک چھوٹی سے کاوش ہے جس کے ذریعہ وہ ملکہِ ترنم نور جہاں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں۔ ’مجھے امید ہے کہ میری یہ کوشش آپ کو پسند آئے گی۔‘
شعیب خان کا میک اپ ہوا چہرہ دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے ہو بہو نور جہاں کی تصویر ہو۔ انہوں نے اپنی تصویر کے ساتھ نور جہاں کی وہ پرانی تصویر بھی شیئر کی جسے اپنانے کی انہوں نے کوشش کی تھی۔
شعیب خان نے اس سے قبل بھی کئی اداکار اور کرداروں کا روپ دھارا ہے۔ ان کا یہ منفرد انداز سوشل میڈیا خاص کر انسٹا گرام پر ان کے پرستار اور دوست نہایت پسند کرتے ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ انہوں چند روز قبل ہالی وڈ کے کردار جوکر اور مالفیشنٹ کا روپ بھی دھارا تھا۔

شیئر: