حمزہ عباسی نے بھی شوبز کو الوداع کہہ دیا
معروف اداکار اور اینکر پرسن حمزہ علی عباسی نے شوبز کی دنیا کو چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
انہوں نے ایک طویل ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ اب سے ان کا بے دینی سے اسلام تک کا سفر شروع ہونے جارہا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر لکھا تھا کہ وہ ایک بڑا اعلان کریں گے اور یہ بھی بتایا تھا کہ اس اعلان کے ہونے تک وہ سوشل میڈیا سے غائب رہیں گے۔
حمزہ نے بتایا ہے کہ جب وہ کوئی چودہ، پندرہ سال کے تھے تب سے ہی الحاد کا شکار ہوگئے تھے لیکن پھر سائنس ہی نے انہیں مذہب کا راستہ دکھایا۔
انہوں نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ کچھ افواہوں کے مطابق وہ سیاست میں حصہ لینے والے ہیں مگر ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا مطمع نظر تب سے تبدیل ہوگیا جب سےانہیں ادراک ہوا ہے کہ ایک دن انہیں اپنے خالق سے ملنا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ معروف گلوکارہ رابی پیرزادہ نے بھی گذشتہ دنوں شوبز کو الوداع کہہ دیا تھا اور اس حوالے سے اپنی ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی۔
حمزہ کے اس خاص اعلان کے بعد ان کے پرستاروں نے سوشل میڈیا پر اس کا خیر مقدم کیا۔
عائشہ نامی صارف نے لکھا کہ حمزہ نے انہیں معرفت دی ہے کہ کتنا ضروری ہے مالک سے قریب ہونا۔ انہوں نے لکھا کہ حمزہ ان کی آئیڈل شخصیت ہیں۔