Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زائرہ وسیم کی واپسی کی خبر اور ٹرولنگ

دنگل فلم سے شہرت حاصل کرنے والی زائرہ وسیم کے فلموں سے علیحدگی کے اعلان نے سب کو چونکا دیا تھا۔
بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑہ کی فلم ’دی سکائی از پنک‘ کا گذشتہ دنوں ٹریلر لانچ کیا گیا جس میں یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ ادکار فرحان اختر اور پرینکا چوپڑہ کس طرح اپنی بیٹی زائرہ وسیم کو بچانے کے لیے آسمان زمین ایک کر دیتے ہیں۔
یہ فلم ٹورونٹو کے بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں 13 ستمبر کو دکھائی جائے گی اور اس موقعے پر کہا جا رہا ہے کہ فرحان اختر، پرینکا چوپڑہ اور روہت سراف کے ساتھ کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم بھی ہوں گی۔
زائرہ وسیم نے چند ماہ قبل فلموں سے اپنی علیحدگی کا اعلان کر کے سب کو چونکا دیا تھا اور ان کے فیصلے پر انڈین میڈیا پر شدید رد عمل دیکھا گیا تھا۔

اب اس خبر کے بعد ایک بار پھر زائرہ وسیم کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جا رہا ہے اور انھیں ’بڑی ڈرامے باز‘ اور ’سستی شہرت کے لیے کچھ بھی کرنے والی‘ کہا جا رہا ہے۔
ایک صارف منیش نے ایک تصویر پوسٹ کی جس پر لوگوں نے اپنا تاثر دیتے ہوئے لکھا کہ ’کیا یہ وہی لڑکی ہے جس نے بالی وڈ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔‘
بہر حال زائرہ وسیم نے ابھی کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے اور ان کے ٹوئٹر پر آخری پیغام پانچ اگست کا ہے جس دن کشمیر کی خصوصی حیثیت آرٹیکل 370 کا خاتمہ ہوا تھا۔

 زائرہ وسیم کا تعلق سری نگر سے ہے اور ان کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔

پرینکا چوپڑہ کی خواہشیں

اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے فیشن میگزن ووگ کے تازہ شمارے میں اپنی خواہشات کا اظہار کیا ہے جس میں بچہ پیدا کرنا اور گھر خریدنا شامل ہے۔
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ کیا پرینکا کے پاس گھر نہیں ہے تو آپ کو بتا دیں کہ ان کے پاس ممبئی اور نیویارک دونوں جگہ گھر ہے۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ ممبئی اور نیویارک دونوں عمودی شہر ہیں جبکہ لاس اینجلس افقی شہر ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ ان کا لاس اینجلس میں ایک مکان ہو جس میں عقبی آنگن اور سوئمنگ پول ہو۔ وہاں کے سمندر اور موسم انھیں ممبئی کی بھی یاد دلائیں۔
انھوں نے ووگ کے مہمان مدیر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’گھر خریدنا اور ایک بچہ پیدا کرنا میری فہرست میں شامل ہے۔‘

 پرینکا چوپڑہ نے ووگ فیشن میگزین کو بتایا کہ گھر خریدنا اور بچہ پیدا کرنا ان کی خواہشات میں شامل ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

اس سے قبل انھوں نے گھر کے بارے میں اپنا نظریہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گھر وہ ہوتا ہے جہاں آپ کا دل ہو اور آپ کے اپنے ہوں۔
انھوں نے فلموں میں اپنے ابتدائی زمانے کے بارے میں کہا: ’میں کچھ نہیں جانتی تھی اور کسی کو نہیں جانتی تھی۔ مجھ پر ہدایت کار چیختے رہتے۔ مجھے فلم میں ڈالا بھی گیا اور نکالا بھی گيا۔‘
پرینکا چوپڑا نے بتایا کہ انہوں نے خود کو پر اعتماد ہونا سکھایا۔ ’میں نے سیکھا کہ ناکامی کے بعد آپ ایسا کرتے ہیں اور یہی آپ کو کامیابی دلاتا ہے۔‘

  ’رنگیلا گرل‘ ارملا نے سیاست میں قدم رکھنے کے چھ ماہ بعد ہی کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ارملا کے سیاسی سفر کا خاتمہ!

بالی وڈ کی ’رنگیلا گرل‘ ارملا متونڈکر ایک بار پھر سے خبروں میں ہیں۔ چھ ماہ قبل وہ اس وقت خبروں میں آئی تھیں جب انھوں نے سیاست کے میدان میں قدم رکھا تھا۔
انھوں نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور ممبئی نارتھ سے پارلیمانی انتخابات میں شرکت کی لیکن انھیں کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
منگل کو انھوں نے پانچ مہینے کی مختصر مدت میں کانگریس پارٹی سے استعفی دے دیا۔  انھوں نے اپنے استعفے کی وجہ سیاسی بتائی۔
اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ ان کے ذہن میں استعفیٰ دینے کا خیال اس وقت آیا جب ان کے خط پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ انھوں اپنے قریبی اور سینیئر رہنما سنجے نروپم کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ارملا نے کہا کہ ’میری سیاسی اور سماجی حیثیت مجھے اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ ممبئی میں کانگریس کے وسیع مقاصد کے بدلے مجھے پارٹی کی اندرونی سیاست کے لیے اور ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا جائے۔‘
جب انھوں نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی تو انھوں نے کہا تھا کہ وہ کانگریس پارٹی میں اس لیے آئی ہیں کہ وہ اس کے نظریات میں یقین رکھتی ہیں۔
 

شیئر: