گلوکارہ رابی پیرزادہ نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے شوبز چھوڑنے کا اعلان سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر پر کیا۔
رابی پیرزادہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں رابی پیرزادہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرتی ہوں۔ اللہ تعالیٰ میرے گناہوں کو معاف کرے اور میرے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔‘
میں رابی پیرذادہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرتی ہوں ۔ اللہ تعالیٰ میرے گناہوں کو معاف کرے۔ اور میرے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔
وَتُعِزُ مَن تَشَاء وَتُذِلُ مَن تَشَاء#SaveaSoul
— Rabi Pirzada (@Rabipirzada) November 4, 2019
گلوکارہ نے اپنے ٹویٹ میں قرآن کی آیت لکھی جس کا ترجمہ یہ ہے ’اللہ جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت دے۔‘
گذشتہ دنوں گلوکارہ کی پرائیوٹ تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس کی وجہ سے ان کے نام کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ابھی تک ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔

اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے کہا تھا کہ انہوں نے ویڈیوز اور تصاویر کے حوالے سے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کی درخواست دے دی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ان کی ذاتی تصاویر اور ویڈیوز ان کے سمارٹ فون میں موجود تھیں جو انہوں نے کچھ عرصہ پہلے فروخت کر دیا تھا، انہوں نے مزید بتایا کہ جہاں یہ موبائل فروخت کیا تھا ان کے خلاف بھی درخواست دے دی ہے۔
رابی پیرزادہ نے سوشل میڈیا پر گذشتہ دنوں سانپوں کے ساتھ انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی جس کے بعد انڈین ذرائع ابلاغ نے اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ان ویڈیوز کے منظر عام پر آنے کے بعد پاکستان میں جنگلی حیات کا محکمہ بھی کافی متحرک رہا اور ان کے خلاف عدالتی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔
رابی پیرزادہ نے سوشل میڈیا پر حالیہ ٹرینڈ کی وجہ بننے والی ویڈیو کو بھی اس مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف آواز اٹھانے پر محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے کارروائی کے بعد یہ ان کی ذات پر دوسرا حملہ ہے۔
رابی کی ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
آج آپ کی آزمائش یا سزا کا فرق ظاہر ہوگیا، کیونکہ سزاانسان کو خدا سے دور جبکہ آزمائش اسکے قریب لے جاتی ہے ۔ https://t.co/9OxgfJENmE
— Naaz Quraishi (@Naaz_Quraishi) November 4, 2019
ناز قریشی نامی صارف نے لکھا ہے کہ اس واقعے سے ان کی آزمائش اور سزا کا فرق واضح ہوگیا ہے۔
صلاح الدین نامی صارف نے لکھا کہ ’رابی نے تو سچے دل سے معافی مانگ لی اور توبہ کرلی مگر ان لوگوں کا کیا ہوگا جنہوں نے یہ سارا معاملہ رچایا اور انکا تمسخر اڑایا۔‘
آپ تو سچے دل سے توبہ کر کے پاک ہورہی ہیں، مسئلہ تو ان لوگوں کا ہے جس نے اس معاملہ کو اچھالا، مزاق بنایا اور خدا بن کر فیصلہ سنا دیا....
اور ان لوگوں کا بھی اللہ حافظ جن لوگوں نے سپورٹ میں اپنے کپڑے اتار دیے... https://t.co/ddteQrdUFe— Muhammad Salahuddin (@sallu_saying) November 4, 2019
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’رابی کی اس سارے معاملے میں کوئی غلطی نہیں تھی لیکن اگر پھر بھی انہوں نے شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے تو ہم ان کو سپورٹ کرتے ہیں۔‘
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں