’گاڑی کی انشورنس نہ کرانے پر خود کار نظام کے تحت جرمانہ‘
’گاڑی کی انشورنس نہ کرانے پر خود کار نظام کے تحت جرمانہ‘
ہفتہ 16 نومبر 2019 7:29
سعودی عرب میں گاڑی کا انشورنس ہر سال کرانا لازمی ہے۔ فائل فوٹو سعودی گزٹ
سعودی عرب کا ٹریفک قانون گاڑیوں کے مالکان کو انشورنس کرانے کا پابند بناتا ہے اور اب انشورنس نہ کرانے پر جرمانہ دینا پڑے گا۔
اخبار 24 نے محکمہ ٹریفک کے حوالے سے بتایاکہ اگر کسی نے گاڑی کی انشورنس نہ کرائی ہو اور گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی یا ڈرائیور سے کوئی ٹریفک خلاف ورزی سرزد ہوگئی ہو تو ایسی صورت میں گاڑی انشورنس نہ کرانے پر الگ سے جرمانہ ہوگا۔ اس کا اندراج خود کار نظام کے تحت ہوگا۔
محکمہ ٹریفک کے مطابق اگر ٹریفک خلاف ورزیاں پکڑنے والے خود کار نظام ’ساھر‘ کے ذریعے کسی کار ڈرائیور پر ٹریفک جرمانے کا ایس ایم ایس آئے اور بعد میں ریکارڈ دیکھنے پر یہ بات بھی سامنے آجائے کہ ڈرائیور نے اپنی گاڑی کا انشورنس نہیں کروایا ہے تو ایسی صورت میں ایک نیا ایس ایم ایس گاڑی کے مالک کے نام بھیجا جائے گا۔ یہ ایس ایم ایس گاڑی انشورنس نہ کرانے پر جرمانے سے متعلق ہوگا۔ یہ خودکار نظام کے تحت ہوگا۔
پہلے ایس ایم ایس اور دوسرے ایس ایم ایس کے درمیان 72 گھنٹے کا وقفہ ہوگا۔ دونوں ایس ایم ایس الگ الگ خلاف ورزیوں کے نمبرکے تحت جاری ہوں گے۔
گاڑی کی انشورنس کرانے کا سب سے بڑا فائدہ گاڑی کے مالک کو اس وقت ہوتا ہے جب خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوتا ہے۔
حادثے سے ہونے والا نقصان تھرڈ پارٹی انشورنس ہونے کی صورت میں انشورنس کمپنی ادائیگی کرتی ہے۔ اگر انشورنس نہیں ہوتا تو ایسی صورت میں سارے اخراجات اس پارٹی کے ذمہ آتے ہیں جو حادثے کا باعث بنا ہو۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں گاڑی کا انشورنس ہر سال کرانا لازمی ہے۔