شیشوں کو سیاہ کرنے کی خلاف ورزی پر 900 ریال تک جرمانہ ہے (فوٹو: سیدتی)
محکمہ ٹریفک نے گاڑیوں کے شیشے سیاہ کرنے کے ضوابط واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی بنیادی اور اولین شرط یہ ہے کہ شیشے اس طرح سیاہ نہ کئے جائیں کہ اندر بیٹھے افراد باہر سے نظر نہ آئیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ ٹریفک قوانین میں گاڑیوں کے شیشے سیاہ کرنے کی گنجائش ہے تاہم اس کے لئے کچھ ضوابط مقرر ہیں جن کی پابندی کرنا ضروری ہے۔
محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ گاڑیوں کے شیشوں پر ایسی فلم لگانا قطعی طور پر منع ہے جو آئینہ کی طرح ہو اور جس میں گاڑی کے باہر کھڑے شخص کواس میں اپنا عکس دکھائی دے۔
محکمہ نے مزید ضوابط کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی کی صرف پچھلی نشستوں کے شیشے سیاہ کئے جاسکتے ہیں جبکہ اگلی نشستوں کے شیشوں کو کسی بھی درجے کی فلم سے سیاہ نہیں کیا جاسکتا۔ اسی طرح سامنے والے اور پچھلے شیشے بھی سیاہ کرنا قطعی ممنوع ہے۔
محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ خصوصی حالات میں محکمہ ٹریفک سے تحریری اجازت لے کر سامنے والی نشست کے شیشے اس طرح سیاہ کئے جاسکتے ہیں کہ باہر سے اندر بیٹھے ہوئے افراد نظر آئیں۔
محکمہ ٹریفک نے بتایا ہے کہ صرف ان گاڑیوں کے شیشے سیاہ کرنے کی اجازت ہے جس کے چار دروازے ہیں۔ دو دروازے کی صورت میں اگر پچھلی نشست ہو اور اس کے الگ شیشے ہوں تو انہیں بھی سیاہ کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ ٹریفک کے ضوابط کے مطابق سپورٹس گاڑیاں ، ٹیکسی ، لیموزین، رینٹ اے کار، ویگنیں اور سامان لادنے کے لئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کے شیشے سیاہ نہیں کئے جاسکتے۔
واضح رہے کہ شیشوں کو سیاہ کرنے کے ضوابط کی خلاف ورزی پر 500 ریال سے 900 ریال تک جرمانہ ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں