میچز منتقل ہوئے تو نہیں کھیلوں گا
اعصام الحق نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ پاکستان میں انڈین ٹینس ٹیم کو کوئی خطرہ نہیں۔ فوٹو: اعصام الحق ٹوئٹر
پاکستان کے ٹینس کھلاڑی اعصام الحق نے کہا ہے کہ عالمی ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ ٹائی کے میچ پاکستان سے باہر کرانے کا اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو وہ احتجاجا انڈیا کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان کو لکھے گئے ایک خط میں ٹینس پلیئر نے کہا ہے کہ ان کو اس بات سے صدمہ پہنچا ہے کہ عالمی ٹینس فیڈریشن انڈیا کے خلاف منعقد ہونے والے ڈیوس کپ ٹائی کو پاکستان سے باہر منتقل کرنے کے لیے کوشش کر رہی ہے اور میچ انڈیا کے زیر اثر نیوٹرل وینیو پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعصام الحق کے مطابق ’عالمی ٹینس فیڈریشن اور آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کا پاکستان کے ساتھ رویہ افسوس ناک ہے۔‘
انہوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ پاکستان میں انڈین ٹینس ٹیم کو کوئی خطرہ نہیں۔ ’اس وقت بھی سینکڑوں انڈین اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے باقاعدگی سے پاکستان آ رہے ہیں اور ٹیکسلا اور کرتارپور جیسے مقامات کا دورہ کرتے ہیں۔ کوئی ایک بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔‘
واضح رہے کہ ڈیوس کپ میں پاکستان کی رینکنگ 37 ویں ہے جبکہ انڈیا 20 ویں پوزیشن پر ہے۔
بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف)نے پاکستان میں ستمبر میں ہونے والے مقابلے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر میچز ملتوی کر دیے تھے۔ انڈیا نے آئی ٹی ایف کو پاکستان سے میچز منتقل کرنے کی درخواست کی تھی جس کے بعد آئی ٹی ایف نے پاکستان کو انڈیا کے خلاف ٹائی کے لیے نیوٹرل مقام منتخب کرنے کی ہدایت کی تھی۔
تاہم پاکستان ٹینس فیڈریشن نے آئی ٹی ایف سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کر رکھی ہے۔